سپریم کورٹ پر تحریک انصاف اور عمران خان کو بھر پور اعتماد ہے،پرویز خٹک

سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا اسے من وعن تسلیم کریں گے، پانامہ لیکس کیس میں وکلاء تبدیل کررہے ہیں جو محنت کے ساتھ کام کریں گے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

اتوار 20 نومبر 2016 08:24

پشاور، نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20نومبر۔2016ء )وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پر ہمیں اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھر پور اعتماد ہے سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا۔ اسے من وعن تسلیم کریں گے۔پانامہ لیکس کیس میں وکلاء تبدیل کررہے ہیں نئے وکلاء محنت کے ساتھ کام کریں گے۔ مجھے نہیں معلوم کہ عمران خان اور شیخ رشید وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف مزید شواہد اکھٹے کرنے کیلئے لندن گئے اتنا معلوم ہے کہ عمران خان اپنے بچوں سے ملنے نجی دورے پر لند ن گئے ہیں۔

وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز نے اپنے والد کوجھوٹا ثابت کردیا وزیر اعظم نے قوم اور پارلیمنٹ سے خطاب میں ایک بات کہی ہے اوران کے صاحبزادوں اور بیٹی نے سپریم کورٹ میں الگ سے بیان دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں میں تضاد ہے۔ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے اس میں بہت کچھ ہونا ہے اور بہت کچھ باقی ہے وہ ویلج ناظم بدرشی سید علی خان کے عشایہ اورمحلہ ابک خیل میانگان میں میاں یاسر کے حجرے میں اجتماع سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، حاجی ریاض خان ایڈوکیٹ، تحصیل ناظم رضا اللہ نائب ناظم زر عالم خان، امجد اعظم عرف قائد اعظم، ملک ابرار نے بھی خطاب کیا۔پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ عمران خان اور شیخ رشید وزیر اعظم نوازشریف کے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کے لیے لندن گئے ہیں۔

مجھے ایسی کوئی بات نظر نہیں آتی۔ پاکستان تحریک انصاف کے پاس شواہد کی کمی نہیں۔ہمیں عدالت عالیہ پر بھر پور اعتماد ہے۔ ہماری عدالتیں انصاف پر مبنی فیصلے کررہی ہیں۔یہ ضرور ہے کہ ہم اپنے وکلاء کی ٹیم کو تبدیل کررہے ہیں اور نئے وکلاء کی ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔ابھی وکلاء کے ناموں پر مشاورت ہورہی ہے۔ عمران خان بہت جلد نئی ٹیم کا اعلان کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں کہ پی ٹی آئی کا کیس کمزور ہے ان کے پاس شواہد کی کمی ہے جس پر پرویز خٹک نے کہا کہ اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوسکتا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف نے اسمبلی کے فلور پر دوبئی اور جدہ کی جائیدایں فروخت کرکے لندن فلیٹس خریدنے کی بات کی تھی جبکہ دوسری طر ف وزیر اعظم نے صاحبزادے حسین نواز نے اپنے والد کو جھوٹا ثابت کردیا۔بیٹا کچھ کہہ رہاہے اور باپ کچھ اور کہہ رہا ہے۔

بیٹے نے ثابت کردیا کہ وزیر اعظم نے اسمبلی میں جھوٹ بولا ہے۔ یہ خود بخود سب کچھ سامنے آجائے گا۔ وکلاء اورججزکے مابین جو باتیں ہورہی ہے میں سمجھتا ہوں کہ ابھی بہت کچھ باقی ہے۔ ابھی شواہد پر بحث ہوگی پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی احتساب کمیشن اور صوبے میں احتساب کے حوالے سے تبصر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں احتساب کا عمل جاری ہے میڈیا بے پرکیاں اُڑا رہا ہے ڈی جی موجود ہے ۔

صوبائی احتساب کمیشن سے میرا کوئی تعلق نہیں اور نہ میں اس میں مداخلت کرسکتا ہوں ۔صوبائی احتساب کمیشن ایک بااختیار ادارہ ہے ۔ وہ ڈی جی کاانتخاب خود کرتے ہیں۔سکروٹنی کمیٹی نے ڈی جی کاانتخاب کرنا ہوتا ہے میں نہ ڈی جی احتساب کمیشن کو تعینات کرسکتاہوں اورنہ میرے اختیار ہے میں وزاعظم نوازشریف تو نہیں کہ اس نے قومی احتساب بیورو کاچیئرمین اپنا بند ہ تعینات کیاہے۔

صوبائی احتساب کمیشن خود اپنی مرضی سے ڈی جی لگاتے ہیں اور اپنی مرضی سے فیصلہ کرتے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے منشور پر عمل پیرا ہے۔ ہم نے قوم سے جو وعدے کئے تھے اس میں بڑی حدتک کام ہوچکا ہے۔ اداروں کی بحالی، سیاسی مداخلت کے خاتمے، کمیشن اور رشوت کلچر کوفل سٹاپ لگانے پر بڑی حدتک کام ہوچکا ہے۔ محکمہ تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی گئی۔

انھوں نے کہا کہ میرا ہدف دیہاتوں ، قصبوں اور شہروں کو صاف ستھرا اور سرسبز وشاداب بنانا ہے جس کے لیے ویلج ناظمین اور ویلج کونسلوں کوفنڈ جاری کردئیے ہیں۔ ان کے پاس دسمبر تک مہلت ہے کہ وہ اپنے علاقوں سے گندگی کے ڈھیر، نالوں کی صفائی اور سپرے کاکام مکمل کریں تاکہ دیہاتوں سے مہلک بیماریوں کاخاتمہ ممکن ہو۔اس کے لیے باقاعدہ تحصیل کونسل گندگی کے ڈھیروں کو ٹھکانے لگائیں جس کے لیے علیحدہ فنڈ مختص کیا گیا ہے ۔

دسمبر کے بعد میں خود دیہاتوں ، قصبوں اور شہروں کے دورے کروں گا۔ جس تحصیل ویلج کونسل کی صفائی کانظام صحیح نہیں ہوگا اس کے خلاف سخت کاروائی کریں گے انہوں نے ناظمین پر زور دیاکہ وہ فنڈ کااستعمال ان کو دی گئی ہدایات کے مطابق کریں بصورت دیگرفنڈ ز کاغلط استعمال کرنے والوں کے خلاف صوبائی احتساب کمیشن اورانٹی کرپشن کاروائی کرے گا۔ ایسے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

سب کوچاہیے کہ وہ ٹھیکیداری نظام کے تحت علاقوں کی صفائی کا کام شروع کریں چھڑکاؤ کااستعمال کریں تاکہ گرد وغبار سے نجات ملے ،ماحول کے تحفظ کویقینی بنائیں۔انھوں نے ناظمین پر زوردیا کہ وترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں ،ناقص میڑیل کے استعمام کی حوصلہ شکنی کریں۔ جس علاقے میں ناقص ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی ہوئی اس کی تمام ذمہ داری منتخب نمائندو ں اور متعلقہ اداروں پر ہوگی۔

وزیر اعلی نے نوشہرہ میں مصروف دن گزارہ اس سے قبل مانکی شریف میں ہاشم علی خان کی وفات پر ان کے صاحبزادوں سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی روح کی ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ، مانکی شریف میں امتیاز علی کی اہلیہ کی وفات پر ان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور بعدازاں نوشہرہ کلاں خاتو خیل گئے جہاں پر وزیر اعلیٰ نے پی ٹی آئی کے رہنما مسعود خان کے بڑے بھائی جوہر خان کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر سنگین خان علی خان، حاجی دلارام خان، نیلو خان بھی موجود تھے۔

پرویز خٹک اورصوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل کافی دیر تک وہاں رہے۔ اس موقع پر خاتوخیل گراؤنڈ میں گرلز ڈگر ی کالج کی تعمیر کا اعلان کیا اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور ڈی سی نوشہر ہ کوہدایت کی وہاں پر سیکشن فور لگائیں۔ اسی طرح تحصیل ناظم رضا اللہ کو ہدایت کی کہ وہ گندگی کے ڈھیروں کوٹھکانے لگانے کے لیے ٹریٹنگ گراؤنڈ کی خریداری فوری طور پر کریں اور صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ورنہ ان کے ساتھ بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔جبکہ محلہ میانگان میں قبرستان کے ارد گرد حفاظتی بندکی تعمیر اور بجلی کے پول اور ٹرانسفرمر کی فراہمی اور گلیو ں کی پختگی کااعلان کیا۔