آرمی چیف نے الوداعی دوروں اور ملاقاتوں کا آغاز لاہور سے کردیا

منگلا اور گوجرانوالہ کورہیڈکوارٹر ز کا الوداعی دورہ جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا،وطن کیلئے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،جنرل راحیل شریف آرمی چیف اورجوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے اعزازمیں 27نومبرکوالوداعی عشائیہ دیاجائیگا

منگل 22 نومبر 2016 10:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22نومبر۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے الوداعی دوروں اور ملاقاتوں کا آغاز لاہور سے کردیا۔ پاکستان کے آرمی چیف 29نومبر کو ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ نئے آرمی چیف 29نومبر کو فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف گزشتہ روز الوداعی سلسلے میں لاہور آئے اور انہوں نے لاہور گیریژن میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔

اس موقع پر فوج اوررینجرز کے جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لاہورگیریژن میں خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ملک میں امن اور استحکام کا قیام کوئی آسان کام نہیں تھا۔ قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم سے کامیابیاں ملیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کراچی، پشاور اور کوئٹہ کا بھی دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جس جانفشانی سے ضرب عضب اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے لئے جو حکمت عملی بنائی اس پر عوام نے ان کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور ان کی خدمات کا ذکر ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد کیا جائے گا۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں کافی عرصے سے خبریں گردش کرتی رہیں تاہم اس سال کے اوائل میں میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ آرمی چیف ملازمت کی مدت میں توسیع نہیں لیں گے اور اپنی ریٹائرمنٹ کی مقررہ تاریخ کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔ نیا آرمی چیف کون آئے گا اس کا ابھی اعلان نہیں ہوا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے منگلا اور گوجرانوالہ کورہیڈکوارٹر ز کا الوداعی دورہ کیا،آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پیر کے روز منگلا اور گوجرانوالہ کورہیڈ کوارٹر ز کا الوداعی دورہ کیا۔کورکمانڈر منگلا اور کور کمانڈر گوجرانوالہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف نے منگلا کور کی انسداد دہشتگردی کی تربیت کی فراہمی میں اہم کردار کو سراہا۔آرمی چیف نے دورہ کے موقع پر جوانوں اور افسروں سے خطاب بھی کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ وطن کے لئے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمودکے اعزازمیں 27نومبرکوالوداعی عشائیہ دیاجائیگا،نئے آرمی چیف کے تقررکااعلان بھی اسی روز متوقع ہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نئے آرمی چیف کے تقررکیلئے آئندہ48گھنٹوں میں وزیراعظم کوسفارشات بھیجی جائیں گی اوروزیراعظم امیدواروں کی کارکردگی رپورٹ کاجائزہ لیں گے اورقریبی رفقاء سے مشاورت کریں گے جبکہ 27نومبرکوآرمی چیف اورجوائنٹ چیف کے اعزازمیں الوداعی عشائیہ بھی دیاجائیگا۔