پشاور، روڈ کنارے نصب بم دھماکے سے 3اہلکار شہید ، 5زخمی

بدھ 23 نومبر 2016 11:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2016ء) پشاورکے نواحی علاقے چارسدہ روڈ پر واقع علاقہ بشیر آباد میں روڈ کے کنارے نصب بم دھماکے سے 3اہلکار شہید اور 5زخمی ہو گئے ۔ ۔زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے بشیر آباد میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار اپنی گاڑی کے قریب کھڑے تھے کہ اس دوران وہاں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی آپریشنزپشاورسجا د خان نے جائے وقوعہ پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں ایف سی کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیاہے ۔ دہشت گردوں نے سڑک کنارے بارودی مواد نصب کررکھا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا۔ ایس پی پشاور سٹی گل نواز خان نے بتایا کہ دھماکے کا نشانہ بننے والے ایف سی کے اہلکار پیر کو چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے لئے تعینات تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ اہلکار منگل کو واپس اپنی بیرکس میں جا رہے تھے کہ اس دوران انہیں دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک کلوگرام تک باردوی مواد کا استعمال کیا گیا۔دھماکے کے بعد پولیس حکام بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے او رعلاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ شواہد اکھٹا کرنا بھی شروع کر دیئے ۔

اس دوران امدای ادارے 1122اور الخدمت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس گاڑیاں بھی پہنچ گئیں جنہوں نے دھماکے میں جاں بحق او ر زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔جاں بحق ہونے والوں میں ایف سی اہلکار حنیف جمال ولد پاتھی سکنہ درگئی ،یاسر اللہ سکنہ کرک اورخالد سکنہ ملاکنڈ شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :