وزیر اعظم ملک کو قرض کی دلدل کی جانب دھکیل رہے ہیں، بلاول بھٹو

حکومت نے قوم پر مزید 80 کھرب روپے کے قرض کا بوجھ ڈال دیا، ، پیپلز پارٹی معاشی خود کشی کی پالیسیوں پر خاموش نہیں رہے گی،پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

بدھ 23 نومبر 2016 11:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ملک کو قرض کی دلدل کی جانب دھکیل رہے ہیں، حکومت نے قوم پر مزید 80 کھرب روپے کے قرض کا بوجھ ڈال دیا۔یہ بات انہوں نے لاہور بلاول ہاؤس میں پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں خورشید شاہ، قمر زماں کائرہ،علی مدد جتک، فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنما شریک تھے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بلاول نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت نے تین برس میں قوم پر 80کھرب روپے کا بوجھ ڈالا ہے ، یہ رقم گزشتہ 66برس میں حاصل کیے گئے مجموعی قرضوں کے نصف سے بھی زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ میں نواز لیگ کے حاصل کردہ بھیانک قرضوں کی رپورٹ پیش کی گئی ہے، پیپلز پارٹی معاشی خود کشی کی ان پالیسیوں پر خاموش نہیں رہے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ دیگر جماعتوں کو بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا چاہیے اور اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے کہ یہاں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے، قرض لے کر حکومت چلائی جارہی ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا حکومت کی معاشی پالیسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے قومی قرضوں کی بھیانک تصویر کشی کی ہے، جبکہ نوازشریف کی حکومت نے تین سال میں اسی کھرب روپے قرض کا بوجھ قوم پر ڈال دیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت منظم انداز میں معاشی ناانصافی کر رہی ہے اور احتساب سے بھاگ رہی ہے۔ یہ صورتحال تمام حلقوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، جبکہ پیپلزپارٹی معاشی پالیسیوں کی اتنی بڑی خودکشی پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں نوازلیگ حکومت کی جانب سے ملکی معیشت کو ڈبونے اور اس کو عوام پر مسلط کرنے سے بچانے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر آواز اٹھائیں