وزیراعلیٰ پنجاب سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیری عوام پر مظالم کی شدید مذمت بندوق کی گولی اور ظلم و جبر سے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی تشدد کی پالیسی نآکام ،کشمیری عوام اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کررہے ہیں، خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 23 نومبر 2016 11:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2016ء )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں جمعیت علماء اسلام (ف )کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیری عوام پر مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی شدید مذمت کی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے کشمیری عوام اوربھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے باعث شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں اورفوجی جوانوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بندوق کی گولی اور ظلم و جبر سے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

آج مقبوضہ کشمیر کا ہر فرد آزادی مانگ رہا ہے اوربھارتی سرکار کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق آزادی سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے اورکشمیری عوام اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے اوربھارت کو ہٹ دھرمی چھوڑ کر تنازعہ کشمیر کے حل کی طرف آنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں۔پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پربات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو بین لاقوامی فور مز پر بھرپور انداز سے اٹھایا ہے ۔ بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پرعالمی برادری کی خاموشی انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔بھارت نے نہتے کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے اورمقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت کے باوجود کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کیلئے تحریک میں مزید تیزی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کیلئے عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔