تحریک انصاف کا 24ویں آئینی ترمیم کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ

24ویں آئینی ترمیم کے پیچھے سیاسی عزائم اور بدنیتی کارفرما دکھائی دیتی ہے، شاہ محمود قریشی

جمعرات 24 نومبر 2016 11:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2016ء پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے 24ویں آئینی ترمیم کی بھرپور مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ 24ویں آئینی ترمیم کے پیچھے سیاسی عزائم اور بدنیتی کارفرما دکھائی دیتی ہے۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت تمام اہم معاملات پس پشت ڈال کر وزیراعظم کو احتساب سے بچانے کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

24ویں آئینی ترمیم کی ٹائمنگ اور مقاصد انتہائی مشکوک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے پارلیمان کا ذاتی مفادات کیلئے استعمال ادارے کی ساکھ کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ کسی فرد یا گروہ کی بجائے اجتماعی مفادات کے حصول کیلئے آئین میں ترمیم پر غور کیا جانا چاہیے۔ فرد واحد کیلئے آئین میں ردوبدل نے پارلیمان اور جمہوریت کا دامن ہمیشہ داغدار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 24ویں آئینی ترمیم کے حکومتی فیصلے کی بھرپور مخالفت کرتی ہے۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کو احتساب سے بچانے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔