سی پیک کے خلاف سازشوں اور ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے بھارت نے پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب کئے،دفتر خارجہ

بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے،عالمی برادری ظلم ،نا انصافیوں ،اور خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ، نفیس زکریا کا سیمینار سے خطاب و میڈیا گفتگو

جمعرات 24 نومبر 2016 11:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان راہداری کے خلاف سازشوں اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے بھارت نے پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب کئے ۔ بھارت نے پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کی جبکہ مسئلہ کشمیر پر رائے شماری کی بجائے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی ببانگ دہل خلاف ورزی کر رہا ہے جس کا نوٹس لے کر عالمی برادری کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے کردار ادا کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کی مضبوطی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر کے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کی مرتکب ہو رہی ہیں جو قابل مذمت ہیں گزشتہ روز ( بدھ ) بھی بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر کے بے گناہ پاکستانی شہریوں کو شہید کیا ۔

(جاری ہے)

نفیس زکریا نے بتایا کہ بھارت نے سی پیک کے خلاف سازشوں اور سرحدوں پر خلاف ورزی سے پاکستان تعلقات خراب کئے ۔ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ بھارت نے پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کی انہوں نے کہاکہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے خطے کے وسائل کو استعمال میں نہیں لایا جا سکا ۔ جس سے خطے میں ترقی کے مواقع ضائع ہو گئے اور غربت میں اضافہ ہوا ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کشمیر ہمیشہ سے نیوکلیئر فلش پوائنٹ رہا ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے بے گناہ اور معصوم کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے اور تشدد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا تسلط جمانے کے لئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس پر عالمی برادری کا خاموش رہنا قابل افسوس ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی موجودہ نسل بھارتی قتل و غارت دیکھتے ہوئے جوان ہوئی ہے ۔

وہ بھارتی ظلم اور ناجائز قبضے سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہین جس کے لئے ہم ان کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھیں گے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف بہت واضح ہے ہم مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ بھارتی مظالم کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور نا انصافیوں کا نوٹس لے کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے کردار ادا کرے ۔