وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ،لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر غور

حد درجہ تحمل کا مظاہرہ کیا ،خواتین ،بچوں اور شہریوں پر دانستہ حملے برداشت نہیں،نواز شریف پاکستان کسی صورت کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا ، عالمی برادری کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی کیلئے کردار ادا کرے،وزیر اعظم کا اجلاس سے خطاب ڈی جی آئی ایس آئی اور مشیر سلامتی کی شرکاء کو تفصیلی بریفنگ ،سرحدوں کی حفاظت کیلئے جان دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

جمعہ 25 نومبر 2016 11:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایل اوسی پر مسلسل خلاف ورزی کے باوجود حد درجہ تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے لیکن ہم خواتین اوربچوں سمیت شہریوں پر دانستہ حملے برداشت نہیں کرسکتے،پاکستان کشمیریوں کی کسی صورت حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا،جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیرقومی سلامتی ناصرخان جنجوعہ، آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو سرتاج عزیز،طارق فاطمی،ناصرجنجوعہ اورڈی جی آئی ایس آئی رضوان اخترنے نیلم میں بس پر حملے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بھی غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں بس اور ایمبولینس پر حملے کی مذمت کی گئی اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور جبکہ اجلاس میں سرحدوں کی حفاظت کیلئے جان دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے اس لیے عالمی برادری کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی کیلئے کردار ادا کرے۔ اجلاس میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ بھارت جان لے پاکستان کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا جبکہ شرکا کی جانب سے کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسزمقبوضہ کشمیرمیں معصوم انسانوں کے قتل عام، دیگرجرائم میں ملوث ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا چاہتاہے، مسافر بس اور ایمبولینسز پر حملہ عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری بھارت کے انسانی آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا نوٹس لے اور ایل اوسی پرکشیدگی کم کرنے میں کرداراداکرے۔

وزیراعظم نواز شریف نے لائن آف کنٹرول کے نیلم سیکٹر پر بھارتی افواج کی جانب سے سویلین بس کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے بھارت جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا رہا ہے کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ،پاکستان ایل اوسی پر مسلسل خلاف ورزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے اور ہم خواتین اوربچوں سمیت شہریوں پر دانستہ حملے برداشت نہیں کرسکتے ہیں،کسی صورت کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔