بھارت کے خلاف تینوں مسلح افواج تیار ہیں، ائیر چیف

معلوم ہے بھارت کو کہاں سے پکڑنا ہے، کسی اور پرانحصار کرنے کے بجائے دفاعی سازو سامان کی تیاری میں خود کفیل ہونا پڑے گا سپر مشاق اور تھنڈر سے آگے کی طرف ہماری نظریں ہیں،ایوی ایشن ریسرچ کرکے اس انڈسٹری کو ترقی دیں گے، ائیر چیف مارشل سہیل امان کا دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا دورہ، صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 25 نومبر 2016 11:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2016ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف تینوں مسلح افواج تیار ہیں، معلوم ہے بھارت کو کہاں سے پکڑنا ہے۔ کسی اور پرانحصار کرنے کے بجائے دفاعی سازو سامان کی تیاری میں خود کفیل ہونا پڑے گا، سپر مشاق اور تھنڈر سے آگے کی طرف ہماری نظریں ہیں،ایوی ایشن ریسرچ کرکے اس انڈسٹری کو ترقی دیں گے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے جمعرات کے روز کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری نویں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا دورہ کیا بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ آئیڈیاز مشترکہ ایونٹ ہے، جس طرح کے چیلنجز ہیں، خطے میں اس سے نمٹنے میں کافی تعاون ملے گا، مستقبل میں اس انڈسٹری کو کافی حد تک ترقی ملے گی، ذمہ داریاں بڑھ گئیں ہیں اس مقصد کے تحت وسائل کے حصول کے لئے بھی کوشش جاری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ نائیجریا اور قطر کے ساتھ معاہدہ ہوا اور اب ان کے جہاز بن رہے ہیں، ترکی کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، بزنس ایک علیحدہ معاملہ ہے، دوست اور مسلمان ممالک کے ساتھ تعلقات مزید بڑھانے ہیں۔ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا اللہ نہ کرے کہ بھارت کے ساتھ کبھی جنگ ہو اگر بھارت کے ساتھ جنگ ہوئی تو ہمیں کوئی پریشانی نہیں۔انکا کہنا تھا کہ بھارت کو چاہئے تحمل سے کام لے اور کشمیر کا مسئلہ حل کرے، اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلقات بہتر ہونے چاہئیں۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ اڑی حملے کے بعد تمام تیاری مکمل کرلی تھی، ہم بھارت کے ہتھکنڈوں سے دباوٴ میں آنے والے نہیں، پاک فضائیہ کی تربیت اعلی معیار کی ہے یہی وجہ ہے کہ بیرونی ممالک کے پائلٹس ہمارے پاس آکر ٹریننگ لیتے ہیں اور ہماری صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے، چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے خود پر انحصار کرنا ہوگا۔انکا مزید کہنا تھا کہ ایویشن سٹی قیام کا مقصد ایوی ایشن شعبہ میں تحقیق و ترقی کرنا ہے، ٹیکنالوجی کو تحقیق کے زریعے 20 سے25 سال آگے لے جانا چاہتے ہیں۔

ائیر چیف مارشل نے اصولوں کی بنیادوں پر مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔انہوں نے ضرب عضب کو دہشت گردوں کے خلاف ایک مکمل جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج روزانہ کی بنیاد پر لڑ رہی ہے، اس آپریشن میں فضائیہ بھی شامل ہے

متعلقہ عنوان :