کراچی، معروف قوال امجد صابری، فوجی اور رینجرز اہلکاروں کے قتل کے ملزم اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کی جوائنٹ انٹروگیشن مکمل

حساس ادارے نے اختلافات کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار اعتراضات اٹھادیئے

جمعہ 25 نومبر 2016 11:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2016ء)کراچی میں معروف قوال امجد صابری، فوجی اور رینجرز اہلکاروں کے قتل کے ملزم اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کی جوائنٹ انٹروگیشن مکمل کرلی گئی، حساس ادارے نے اختلافات کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار اعتراضات اٹھا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق معروف قوال امجد صابری قتل سمیت ہائی پروفائل مقدمات میں گرفتار ملزمان عاصم کیپری اوراسحاق بوبی کی جے آئی ٹی مکمل کرلی گئی، تاریخ میں پہلی بار ہائی پروفائل جے آئی ٹی پر حساس ادارے نے اعتراضات اٹھا دئیے۔

آٹھ صفحات کا اختلافی نوٹ جے آئی ٹی سے منسلک کردیا گیا، رپورٹ کے مطابق مقدمات میں عینی شاہدین ،موقع معائنہ اور ملزمان کے بیانات میں تضادات ہیں جرائم اور ان کے حقائق جاننے کے بہانے الزامات کو درست ثابت کرانے پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان پر پہلے59 کیسز تھے جو بعد میں45 ہوئے پھر25 کردیئے گئے، حساس ادارے نے اعتراض اٹھایا کہ تبت سینٹر، پارکنگ پلازہ سمیت اہم واقعات میں ملزمان کے بیانات میں فرق ہے، بار بار اصرار کے باوجود ملزمان کی کیس فائل فراہم نہیں کی گئی۔

حساس اداروں کے نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ کے حکم پر 6 افسران پر مشتمل جے آئی ٹی بنائی گئی تھی لیکن احکامات کے بر خلاف10 افسران جے آئی ٹی میں شامل کئے گئے۔ ملزمان کا بیان ہے کہ انہوں نے ٹارگٹ کلنگ میں ہمیشہ نائن ایم ایم استعمال کیا جبکہ بعض واقعات میں تیس بور کے خول بھی ملے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اطمینان بخش تفتیش سے قبل ہی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملزمان کی گرفتاری سے متعلق پریس کانفرنس کروادی گئی۔