کراچی ، پاکستان نے جدید زمینی اور فضائی ہتھیار عالمی مارکیٹ میں متعارف کرادیئے ہیں، سیکریٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد اویس

عالمی کمپنیوں سے 14 معاہدے طے پائے، ترکی کے ساتھ 52 سپر مشاق ایئر کرافٹ طیاروں کا معاہدہ بھی طے پایا، میجر جنرل آغا مسعود اکرم کی میڈیا کو بریفنگ

ہفتہ 26 نومبر 2016 11:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26نومبر۔2016ء) سیکریٹری دفاعی پیداوارلیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد اویس نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کے حامل اور جدید زمینی اور فضائی ہتھیار عالمی مارکیٹ میں متعارف کرادیئے ہیں،پاکستان نے مختلف دفاعی شعبوں میں خودانحصاری حاصل کرلی ہے ، پاکستان کے دفاعی ریسرچ و مصنوعات ساز اداروں نے دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی اور خود انحصاری حاصل کر کے ڈیڑھ سال میں ملک کا120بلین روپے بچایا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ نویں دفاعی نمائش آئیڈیاز2016ء میں مختلف ممالک کیساتھ14ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں ،52سپر مشاق طیارے ترکی کو فروخت کرنے کا معاہدہ تاریخی ہے ،ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن کا دفاعی سازو سازومان کی برآمدات کو بڑھانے میں اہم کردار ہے ،پاکستان جدید ٹیکنالوجی پر تیزی کیساتھ مہارت حاصل کرتا جا رہا ہے،امید ہے کہ 2018ء میں منعقد ہونیوالی دسویں آئیڈیاز نمائش میں پاکستان کے دفاعی مصنوعات تیار کرنے والے ادارے انقلاب برپا کر دیں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روز آئیڈیاز نمائش2016کے اختتامی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر میجر جنرل آغا مسعود اکرم ، ایچ آئی (ایم) ڈی جی (DEPO)، کموڈور طاہر جاوید (میڈیا) اور بریگیڈیئر وحید ممتاز ، ڈائریکٹر کورڈی نیشن(ڈی ای پی او) اور ظہیر نصیر، سی او او بدر ایکسپو سلوشنز بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اس حقیقت سے آگاہ رہا ہے کہ سامان حرب امن کی فراہمی، برابری سے رہنے کی خواہش پوری کرنے کے ساتھ امن پسند ملک کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیڈیاز 2016ء کا مقصد ہماری دفاعی مصنوعات کو اجاگر کرنا، خطے کی بڑی نمائش کے انتظام کی صلاحیت کو ثابت کرنا اور عالمی سطح کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں پاکستان کو درپیش سیکورٹی مسائل کا اظہار کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ نمائش کا مقصد مقامی سرکاری اور غیر سرکاری دفاعی صنعت سے منسلک کمپنیوں کو مواقع فراہم کرنا بھی تھا کہ وہ دنیا بھر کے سامنے اپنی مصنوعات کو پیش کرسکیں اور ترقی یافتہ ملکوں کی دفاعی صنعت کا مشاہدہ اور دفاعی سفارت کاری میں سفارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں اور ایک جگہ جمع ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں آئیڈیاز نمائش 2016ء کے کامیابی سے انعقاد سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے اور ایک جدید، ترقی کا حامل اور پرامن ملک کی شناخت ابھری ہے جو عالمی برادری کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء کے انعقاد کے تمام اغراض و مقاصد حاصل کرلیے گئے ہیں۔

تقریباً 90 غیر ملکی دفاعی مندوبین 43 سے زائد ملکوں سے نمائش میں شریک ہوئے جو نمائش کی کامیابی اور اس کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود اور کمپنیوں نے آرام دہ اور پرسکون ماحول میں قیام کیا جس سے دنیا بھر میں ایک پیغام بھی پہنچے گا کہ پاکستان ایک پرُامن ملک ہے اور اس میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ عالمی معیار کی بڑی نمائشوں کا انعقاد کرسکے۔

اس موقع پر میجر جنرل آغا مسعود اکرم نے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاعی مصنوعات کی تیاری گزشتہ کئی دہائیوں سے کررہا ہے۔ ہمارے مقامی سطح پر بنائی گئی کئی اہم دفاعی مصنوعات آئیڈیاز 2016ء میں نمائش میں رکھی گئیں ان میں جنگی ٹینک الخالد، جے ایف 17 تھنڈر فائٹر طیارے ، سپر مشاق ، K-8 ایئر کرافٹ، فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹاور دیگر بکتر بند گاڑیاں ، آلات و ٹیکنالوجی وغیرہ شامل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2016ء کا کافی اچھا حوصلہ افزاء جواب دنیا بھر سے حاصل ہوا ۔ ان میں ترکی، چین، شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپ، ایشیا اور مشرق بعید کے ممالک شامل تھے۔ نمائش میں 14 معاہدے مختلف عالمی کمپنیوں سے طے پائے گئے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس نمائش میں 52 سپر مشاق ایئر کرافٹ طیاروں کا معاہدہ بھی ترکی کے ساتھ طے پایا۔

انہوں نے کہا کہ نمائش کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ ایک جاری عمل ہے جبکہ بڑی کاروباری لین دین مکمل ہونے میں وقت لگے گا۔ پاکستان اعلیٰ معیاری دفاعی مصنوعات تیار کررہا ہے جو نہ صرف قیمت میں مسابقت کی حامل ہیں بلکہ معیار میں بھی برابری کی حامل ہیں۔ پاکستان دوسال بعد ہونے والی آئیڈیاز نمائش کا انعقاد جاری رکھے گا۔ پاکستان کے پاس وسیع مواقع ہیں کہ وہ دنیا بھر میں دفاعی مصنوعات کو درآمد کرسکے۔

متعلقہ عنوان :