آصف زرداری پہلے وطن واپس آکر کرپشن کا حساب دیں، عابد شیر علی

احتساب کی بات چلی نکلی ہے اب احتساب چور اور ڈاکو ؤں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا مودی کی گفتگو پاکستان کو کھوکھلی دھمکیوں کے علاوہ کچھ نہیں ، ان کے بیان پر دھیان نہیں دینا چاہیے،صحافیوں سے گفتگو

پیر 28 نومبر 2016 11:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ خود ساختہ جلا وطن آصف علی زرداری پہلے وطن واپس آکر کرپشن کا حساب دیں۔ احتساب کی بات چلی نکلی ہے اب احتساب چور اور ڈاکو ؤں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔ فیصل آباد میں گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے ہنسی آتی ہے جب بلاول بھٹو زرداری کرپشن ختم کرنے کی بات کرتا ہے۔

بلاول صاحب اپنی آنٹی سے پہلے پوچھیئے کہ آپ کس کے اربوں ڈالر بیرون ملک لے جارہی تھیں پہلے اپنے رشتہ داروں کو پکڑیں جو سندھ کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں پہلے انکل اور آنٹی کے پیسے واپس ملک لے کر آئیں ہم بلاول کے انکلوں کو بے نقاب کردینگے ۔ان ڈاکوؤں کو سپریم کورٹ کے احاطے میں ہتھکڑیاں لگانی چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب احتساب کی بات چل نکلی ہے احتساب سب کا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ 1999 نہیں یہ سنہری دور ہے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ نریندر مودی پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا مودی کی گفتگو میں پاکستان کو کھوکھلی دھمکیوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے ان کے بیان پر دھیان نہیں دینا چاہیے۔ پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے انہوں نے کہاکہ جنرل راحیل شریف کو اچھے الفاظوں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ موجودہ پالیسیوں کو آگے لے کر جائیں گے۔