امن صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے، بھارت نے پیشکش کی تو قبول ہوگی،عبدالباسط

پاکستان نے ہمیشہ جامع مذاکرات کا کہا ہے جس میں مسئلہ کشمیر اور دہشتگردی بھی شامل ہیں، بھارتی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 29 نومبر 2016 11:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2016ء) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ امن صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے، بھارت نے مذاکرات کی پیشکش کی تو قبول ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ جامع مذاکرات کا کہا جس میں مسئلہ کشمیر اور دہشتگردی بھی شامل ہیں، بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ جموں و کشمیر ہے ہم نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستان صرف مقبوضہ کشمیر پر بات کرنا چاہتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ جامعے مذاکرات کے لیے کہا ہے اور جامعے مذاکرات میں جموں و کشمیر اور دہشتگردی بھی شامل ہیں، ہم بھی دہشتگردی پر بھارت سے بات کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مذاکرات غیر مشروط اور جامع ہونے چاہئیں اور صرف بات کی حد تک نہیں بلکہ نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ امن صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے مذاکرات کے نتیجے میں ہمیشہ اعتماد کی بحالی کے اقدامات کرتے ہیں، مذاکرات برسوں موخر ہوں پھر بھی مسائل کا حل بات چیت سے ہی ہوگا، انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہوں، تنازعات ختم ہوں دونوں ممالک معاملات طے کریں اور آگے بڑہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کو مسائل کے حل کے لیے مل کر بیٹھنا چاہئے، بھارت نے مذاکرات کی دعوت دی تو قبول ہوگی۔