تخت رائیونڈ والوں آپ سن رہے ہو گو نثار گو کا نعرہ کہیں اور سے نہیں تخت لاہور تخت لاہور سے اٹھ رہا ہے، آپ ناکام ہوچکے ہو، بلاول بھٹو زرداری

نیشنل ایکشن پلان جو اب نیشنل ایکشن پلان نہیں رہا،ن لیگ ایکشن پلان میں بدل چکا ہے، پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کے تیسرے روز جنوبی پنجاب کے ورکرکنونشن کے شرکاء سے مختصر خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 11:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تخت رائیونڈ کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ تخت رائیونڈ والوں آپ سن رہے ہوکہ گو نثار گو کا نعرہ کہیں اور سے نہیں تخت لاہور تخت لاہور سے اٹھ رہا ہے۔ آپ ناکام ہوچکے ہو۔ نیشنل ایکشن پلان جو اب نیشنل ایکشن پلان نہیں رہا۔ن لیگ ایکشن پلان میں بدل چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس لاہور میں منعقدہ پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی سات روزہ تقریبات کے تیسرے روز جنوبی پنجاب کے ورکرکنونشن کے شرکاء سے اپنے مختصر خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ شہید نہیں مرتے۔ شہید ذوالفقا رعلی بھٹو آج بھی زندہ ہیں محترمہ بے نظیر بھٹو آج بھی زندہ ہیں۔ بیگم نصرت بھٹو،شاہنواز بھٹو اور میر مرتضیٰ بھٹو شہید بھی آج زندہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان کو ڈر ہے کہ میں بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہوں۔ ذوالفقار علی بھٹو کا نواستہ ہوں اور مرتضی بھٹو شہید کا بھانجا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ دہشت گرد کتنے خطرناک لوگ ہیں وہ ہمارے بچوں کے ساتھ کیا کررہے ہیں۔ ایک طرف اے پی ایس کے بچوں نے جان کی قربانی دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور دوسری طرف یہ غیرت مند اور بہادر تخت رائیونڈ والے اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد دہشت گردوں کے ساتھ لڑنے اور ان کے خلاف بولنے پر تیا رنہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم شہیدوں کے لئے لڑتے ہیں تو یہ ہم سے خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں تنگ آچکا ہوں لہٰذا گو نثار گو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں سب سیاسی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ پارلیمنٹ کی سطح پر ایک پارلیمانی نیشنل ایکشن کمیٹی بنائی جائے تاکہ وزیر داخلہ کو جواب دہ بنایاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا آپ کو پینے کے صاف پانی بہتر صحت اور اچھی خوراک کے لئے پیسہ دیتی ہے لیکن خدا کے لئے اس پیسے کو اورنج لائن ٹرین منصوبے پر ضائع نہ کرو۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہں ایک اچھا منصوبہ ہے اور میں بھی اس منصوبے کو چاہتا ہوں لیکن پہلے پاکستان کی قوم کو پانی،صحت، روٹی کپڑا اور مکان دو۔ انہوں نے کہا کہ اگر27دسمبر تک نوازشریف نے ہمارے پیش کردہ چار نکات تسلیم نہ کیے تو گونثار گو کی جگہ میرانعرہ گو نواز گوہوگا۔