بھارتی وزیراعظم کا ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ ، سرتاج عزیز کی بھی شرکت

نریندر مودی کا مشیر خارجہ کے ساتھ مصافحہ ،نوازشریف کی خیریت دریافت کی، نواز شریف صاحب ٹھیک ہیں اور آپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے،سرتاج عزیز میری طرف سے بھی وزیر اعظم نواز شریف کو سلا م اور نیک خواہشات پہنچا دیں،بھارتی وزیر اعظم

اتوار 4 دسمبر 2016 01:29

امرتسر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2016ء)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیاجس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر ممالک کے حکام نے شرکت کی ،نریندر مودی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ مصافحہ بھی کیا۔ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے امرتسر میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر ممالک کے حکام نے شرکت کی۔

عشائیے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ مصافحہ بھی کیا اور ان سے دریافت کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کیسے ہیں ؟ اس پر مشیر خارجہ نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ نواز شریف صاحب ٹھیک ہیں اور انہوں نے آپ کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر اعظم نے کہاکہ میری طرف سے بھی وزیر اعظم نواز شریف کو سلا م اور نیک خواہشات پہنچا دیں ۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھاکہ کانفرنس میں آنا پاکستان کی افغانستان میں قیام امن کی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے ۔ نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ عشائیے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ مصافحہ بھی کیا۔اس سے قبل افغانستان میں ترقی، امن و استحکام سے متعلق دو روزہ کانفرنس کا امرتسرمیں آغاز ہوگیا جس میں شرکت کیلئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز خصوصی طیارے کے ذریعے امرتسر پہنچے تو پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے انکا استقبال کیا۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیزکانفرنس میں پرامن افغانستان کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کریں گے اور افغان مصالحتی عمل پربھی بات کریں گے کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور افغان صدراشرف غنی بھی خطاب کریں گے۔کانفرنس میں چالیس سے زائد ممالک کے سربراہان اور اعلی حکام شرکت کریں گے۔ ہارٹ آف ایشیا کا ایجنڈا پرامن افغانستان ہے کانفرنس میں افغانستان کو پر امن بنانے کے علاوہ اقتصادی و معاشی ترقی کے معاملہ پر غور کیا جائے گا خطے کے ممالک کے درمیان پہلی کانفرنس نومبر دوہزار گیارہ میں ہوئی تھی امریکا سمیت بیس ممالک نے اس کانفرنس کی تجویز کی حمایت کی تھی۔

قبل ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس مین شرکت کیلئے امرتسر پہنچ گئے، مشیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو نیک تمناؤں کیساتھ پھولوں کا گلدستہ تحفے میں پیش کیا، امرتسر کے ہوائی اڈے پر پہنچنے پر نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالباسط نے ان کا استقبال کیا، بھارتی میڈیا کے رپورٹ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کے2روزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے گزشتہ روز امرتسر پہنچ گئے، پاکستان ہائی کمیشن عبدالباسط نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا، سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے گھر پر پھولوں کا گلدستہ تحفے میں دیا اور انہیں جلد صحتیابی کیلئے دعا کی، بعدازاں سرتاج عزیز نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کانفرنس کے شرکیا کے اعزاز میں عشائیہ میں بھی شرکت کی