وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دیدی

ڈیم کی تعمیر پی ایس ڈی پی فنڈز اور واپڈا کے وسائل سے کی جائے گی ، بجلی گھر کی تعمیر کے منصوبے کیلئے کمرشل بنیادوں پر فنڈز حاصل کئے جائیں گے نواز شریف نے منصوبے کیلئے اراضی کا حصول خوش آئند قرار دیدیا، سیکرٹری پانی وبجلی، منصوبہ بندی اور خزانہ کو پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

منگل 6 دسمبر 2016 11:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دے دی۔خبر رساں ادارے کے مطابق دیا مر بھاشا ڈیم کا مالیاتی پلان سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا نے وزیراعظم نواز شریف کو پیش کیا جس کی وزیراعظم نے منظوری بھی دے دی ہے سیکرٹری پانی و بجلی کی جانب سے وزیرعظم کو پیش کئے گئے پلان کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی تازہ تجویز خود انحصاری پر مبنی ہے، ڈیم کی تعمیر پی ایس ڈی پی فنڈز اور واپڈا کے وسائل سے کی جائے گی جب کہ بجلی گھر کی تعمیر کے منصوبے کے لئے کمرشل بنیادوں پر فنڈز حاصل کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دے دی وزیراعظم نواز شریف نے دیا مر بھاشا ڈیم منصوبے کے لئے اراضی کے حصول کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سیکرٹری پانی وبجلی، منصوبہ بندی اور سیکرٹری خزانہ کو پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے سیکرٹری پانی و بجلی کو منصوبے کی تعمیر 2017 سے قبل شروع کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم میں 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی جب کہ اس منصوبے سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی منصوبہ پر عرصہ سے کام میں کوئی خاص قسم کی پیش رفت نہیں ہورہی تھی ۔دیا میر بھاشا ڈیم کا افتتاح اکتوبر 2011میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے رکھی تھی جبکہ نئے ڈیمز بنانے کے حوالے سے سمری 2006 میں منظور ہوئی تھی کہ ملک میں بڑھتی آبادی اور فصلوں کی بہتر پیداوار کیلئے مزید ڈیمز بنائے جائیں گے ان ڈیمز میں دیا ممیر بھاشا ڈیم کو فرسٹ فیز میں رکھا گیا تھا ۔