عدالت میں ہماری بے گناہی ثابت ، تہمت لگانے والے شرمندہ ہوں گے،عابد شیرعلی

تحریک انصاف کا جھوٹ پورے پاکستان نے سن لیا،عدالت میں ثابت کردیا پانامہ لیکس میں وزیر اعظم کا نام تھا نہ کوئی تعلق ہے پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کی جھوٹی سیاست کا جنازہ سپریم کورٹ سے نکلے گا، مشرف دور میں بھی شیخ رشید نے بہت زور لگایا تھا مگر عدالت میں کچھ ثابت نہیں کرسکا، میڈیاسے گفتگو

جمعرات 8 دسمبر 2016 11:30

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2016ء ) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عدالت میں ہماری بے گناہی ثابت اور تہمت لگانے والے شرمندہ ہوں گے ، عمران خان اور تحریک انصاف کا جھوٹ پورے پاکستان نے سن لیا،عدالت میں ثابت کیا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف کا نام تھا نہ وزیر اعظم کا اس حوالے سے کوئی تعلق ہے،پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کی جھوٹی سیاست کا جنازہ سپریم کورٹ سے نکلے گا، مشرف دور میں بھی شیخ رشید نے بہت زور لگایا تھا مگر عدالت میں کچھ ثابت نہیں کرسکا ۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر اعظم پر الزامات لگانے والے عدالت میں شرمندہ ہو رہے ہیں ، مخالفین کا جھوٹ عدالت عظمی میں پکڑا گیا ، عدالت نے پانامہ لیکس کیس میں عمران خان سے ثبوت مانگے لیکن عمران خان وزیر اعظم پر لگائے گئے الزامات کا کوئی جواب نہ دے سکے ،عدالت میں ثابت ہوا کہ عمران خان کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں ، عمران خان پہلے بھی 3سال تک کنٹینر پر جھوٹ بولتے رہے اور اب بھی عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ عدالت میں ہماری بے گناہی ثابت اور تہمت لگانے والے شرمندہ ہوں گے،عمران خان اور تحریک انصاف کا جھوٹ پورے پاکستان نے سن لیا، عدالت میں ثابت کیا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف کا نام نہیں تھا اور نہ وزیر اعظم کا اس حوالے سے کوئی تعلق ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف جھوٹ کی بنیاد پر سیاست کر رہی ہے ،یہ جنگ سچائی اور باطل کے درمیان ہے، حق اور سچ کی فتح ہو گی ۔عدالت سمجھے گی کہ کیس میں جان نہیں تو اسی مرحلے پر ختم کر دے گی ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور شیخ رشید کے جھوٹ اور جھوٹی سیاست کا جنازہ سپریم کورٹ سے نکلے گا اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو گا ۔

عدالت سے درخواست ہے کہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے ۔انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات لہرانے والوں کے ثبوت کہاں گئے ؟ عدالت پکار پکار کر ان ثبوتوں کے بارے میں کہہ رہی ہے مگر ابھی تک نہیں دیے گئے ۔ عمران خان نے پہلے حامد خان کو بدلا اور اب ایک ایسا وکیل کر لیا ہے جو پرویز مشرف کے ساتھ مل کر شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور ہمارے خلاف عدالتوں میں جاتا رہا مگر تب بھی کچھ ثابت نہیں ہوا ۔