آرمی چیف کا انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز پبی کا دورہ، پاک چین مشترکہ مشقیں وائیر فور کا مشاہدہ کیا، آئی ایس پی آر

انسداد دہشتگردی مرکز پبی دنیا کا بہترین تربیتی مرکز ہے، آرمی چیف دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے تربیتی سروسز کی پیشکش جاری رکھیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ

جمعہ 9 دسمبر 2016 11:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2016ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انسداد دہشتگردی مرکز پبی دنیا کا بہترین تربیتی مرکز ہے، دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے تربیتی سروسز کی پیشکش جاری رکھیں گے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز پبی کا دورہ کیا، آرمی چیف نے پاک چین مشترکہ مشقیں وائیر فور کا مشاہدہ کیا، ترجمان کے مطابق مشقیں دو ماہ تک جاری، مشقوں میں دیہی اور شہری علاقوں میں انسداد دہشتگردی آپریشنز پر توجہ دی گئی، آرمی چیف نے پہلی مرتبہ ہونے والے لانگ رینج سنائپر شوٹنگ مقابلوں کو بھی دیکھا سنائپر شوٹنگ مقابلوں میں100سے زیادہ جوانوں نے حصہ لیا اور میجر جنید کو بہترین شوٹر کا اعزاز بھی دیا، اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی مشقوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ ہوتا ہے، انسداد دہشتگردی مرکز پبی دنیا کا انسداد دہشتگردی کی تربیت سے متعلق بہترین مرکز ہے، دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے تربیتی مشقوں کی پیشکش جاری رکھیں گے، جبکہ اس موقع پر چینی کمانڈر نے کہا کہ پاک فوج کا اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور صلاحیت قابل تعریف ہے، مشترکہ فوجی مشقوں سے پاک چین سٹرٹیجک دوستی مزید مضبوط ہوگی۔