حکومت کیلئے پاناما پیپرز اسکینڈل کبھی خطرہ تھا، نہ ہے اور نہ ہی ہوگا، مریم اورنگزیب

متازعہ خبر پر پرویز رشید کے الفاظ (ن) لیگ کی ترجمانی کرتے ہیں عدالت نے جو چیزیں مانگیں وہ دے دی ہیں فیصلہ اس کے حق میں ہوگا جو عوام کی بہتری کی بات کرے گا، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات

اتوار 11 دسمبر 2016 13:02

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2016ء ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت کے لیے پاناما پیپرز اسکینڈل کبھی نہ خطرہ تھا، نہ ہے اور نہ ہی آنے والے وقت میں ہوگا، عمران خان جھوٹ بول کر خود کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، متازعہ خبر پر پرویز رشید کے الفاظ (ن) لیگ کی ترجمانی کرتے ہیں ،2018ء میں عوامی خدمت کرنے والوں کو ہی ووٹ ملیں گے ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر روز، ہر گھنٹے اور ہر سیکنڈ میں اس لیے موقف بدل رہے ہیں کیوں کہ ان کا موٴقف جھوٹ، الزامات اور انتشار کی سیاست پر مبنی ہے، ہمارا موٴقف جو پہلے تھا، وہ آج بھی ہے اور وہی موٴقف سپریم کورٹ میں بھی اختیار کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے بتایا کہ تمام چیزیں جو سپریم کورٹ نے مانگیں وہ عدالت میں پیش کردی گئی ہیں، اب فیصلہ کرنا عوام کے ہاتھ میں ہے اور عوام کی عدالت میں فیصلہ اس کے حق میں ہوگا جو ان کی بہتری کی بات کرے گا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق عمران خان کا موٴقف اداروں کو کمزور کرنا اور ہمارا مضبوط کرنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلاول اپنے مطالبات سندھ حکومت کو پیش کریں تو سندھ حکومت بہتری کی طرف جاسکتی ہے، اگر سندھ حکومت ان کی بات نہ سنے تو وزیر اعظم کو شکایت کریں ان کی شکایت کا ازالہ ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلاول کا تعلق سیاسی گھرانے سے ہے مگر ابھی کم عمر ہیں،اچھی بات ہے کہ بلاول بھٹو سیاست میں آئے،ان سے دانشمندی کی توقع تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی جتنی بھی خدمت ہے وہ صرف پاکستان کی بہتری اور ترقی کے لیے ہے، جب جب ان کا دور رہا پاکستان نے تب تب ترقی کی اور آج پاکستان کی جو بھی ترقی یا پھر دہشت گرد حملوں کی کم شرح ہے وہ بھی وزیر اعظم نواز شریف کی ہالیسیوں کی وجہ سے ہے۔مریم اورنگزیب نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا وقت 16 اور 18 گھنٹے سے کم ہوکر 3 سے 4 گھنٹے تک آچکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ توانائی منصوبے بھی وزیر اعطم کی بدولت لگ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان کا پہلا روڈ انفرا سٹرکچر جس کے ذریعے صوبوں کو صوبوں سے ملایا گیا، وہ بھی نواز شریف نے دیا، نواز شریف نے ملک میں سڑکوں کی تعمیر کرکے شہروں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر کی۔وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نواز شریف کی ضرورت ہے، نواز شریف نے پاکستان کا پہلاہیلتھ انشورنس پروگرام متعارف کرایا فلم انڈسٹری کی بحالی سے ہی پاکستان کے مثبت تشخص کو جاگر کیا جاسکتا ہے انڈسٹری کی بحالی کیلئے پروڈیوسرز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائینگی جبکہ فلم اور سینما کے متعلق پالیسی پر منصوبے پر عمل کرینگے جس سے فلم انڈسٹری کو فائدہ ہوگا ۔

مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ تفریح کے لیے عوام کو مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، تعمیری تفریح عوام کے ذہنوں پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، سنیما انڈسٹری کو استحکام دیکر عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے، پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی انتہائی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ متنازعہ خبر کے حوالے سے باقاعدہ تحقیقات جاری ہیں تاہم پرویز رشید کے الفاظ مسلم لیگ (ن) کی ترجمانی کرتے ہیں اور وہ آنے والے دنوں میں میڈیا سے مزید گفتگو بھی کرینگے پرویز رشید کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے اتنا ہی پرانا ہے جتنی مسلم لیگ (ن ) کی عمر ہے پرویز رشید مسلم لیگ کے دیرینہ کارکن ہیں ۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس اسکینڈل کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، گزشتہ دن عدالت نے کیس کی سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی، سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ نئے بینچ کی تشکیل کے بعد کیس کی نئے سرے سے سماعت ہوگی اور وکلاء کو دوبارہ دلائل دینا ہوں گے۔عدالت نے پاناما پر کمیشن بنانے کا بھی کہا جس پر تحریک انصاف نے کمیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقتور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔پاناما پیپرز اسکینڈل میں وزیر اعطم نواز شریف کے بچوں سمیت 600 افراد کے نام شامل ہیں۔