حکومت عوام کی فلاح و بہبود ،معاشی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی و تاریخی ورثہ کی حفاظت کی ذمہ داریاں بخوبی پوری کر رہی ہے ، نواز شریف

ماضی کی حکومتوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، عوام کو ماضی کے حکمرانوں کا محاسبہ کرنا چاہیے جو ملک کو اندھیروں کی طرف لے گئے وطن عزیز میں توانائی بحران  دہشتگردی کے خاتمے،معیشت کی بحالی سمیت دیگر مسائل پر قابو پا لیا گیا ہے،سڑکوں اور موٹروے کا پورے ملک میں جال بچھانے کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کو مواصلاتی نظام کے ذریعے ایک دوسرے سے جوڑ دیا گیا،وزیراعظم کاگریٹر اقبال پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 18 دسمبر 2016 05:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2016ء )وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود ،معاشی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی و تاریخی ورثہ کی حفاظت کی ذمہ داریاں بخوبی پوری کر رہی ہے لیکن ماضی کی حکومتوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں جس پرعوام کو ماضی کے حکمرانوں کا محاسبہ کرنا چاہیے جو ملک کو اندھیروں کی طرف لے گئے، وطن عزیز میں توانائی بحران  دہشتگردی کے خاتمے معیشت کی بحالی سمیت دیگر مسائل پر قابو پا لیا گیا ہے،سڑکوں اور موٹروے کا پورے ملک میں جال بچھا نے کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کو مواصلاتی نظام کے ذریعے ایک دوسرے سے جوڑ دیا گیا ہے ،وہ ہفتہ کے روز گریٹر اقبال پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف  رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف صوبائی وزیر ملک ندیم کامران صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز  میاں یوسف صلاح الدین  پی ایچ اے کے وائس چیئرمین افتخار احمد سمیت ممبران قومی و صوبائی اسمبلی  وفاقی وزراء و دیگر حکومت پنجاب کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ یہ لکھ کر لگا دینا چاہیے کہ گریٹر اقبال پارک کسی دھرنے کی جگہ نہیں ہے کیونکہ دھرنے والے ایسی جگہوں کی تلاش میں رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت تین سال پہلے کے حالات نہیں ہیں بلکہ ملک میں تبدیلی اور خوشحالی آرہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے توانائی کے منصوبے شروع کئے جس سے ملک روشن ہوا ہے اور روشنیاں بحال ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مواصلاتی نظام کے بغیر کسان اپنی اجناس منڈیوں تک کیسے پہنچا سکتا ہے اور صنعتیں کیسے لگ سکتی ہیں، ماضی کے حکومتوں نے ملک میں مواصلاتی نظام کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جس سے ملک کا مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا اور ترقی کا پہیہ رک گیا،موجودہ حکومت نے اس پر بھر پور توجہ دی، لاہور سے ملتان موٹر وے 2018ء جبکہ ملتان سے سکھر موٹروے 2019ء مکمل ہوجائے گی اور 6لین موٹروے آگے کراچی تک جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گوادر خوبصورت پورٹ بننے جا رہاہے اور گوادر ایک خوبصورت شہر بن جائے گا، ریلوے کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے جس پر 6سے 7 بلین ڈالر لاگت آئے گی۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ 2018ء تک توانائی منصوبے کافی حد تک مکمل ہو جائیں گے  صنعتیں لگیں گی روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا، ریونیو بڑھے گا،سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئے گی  زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہاہے جس سے صوبہ ترقی کرے گا، بلوچستان میں حالات بدل رہے ہیں اور وہاں انقلاب برپا ہورہاہے،بلوچستان مواصلات کے ذریعے خیبرپختونخواہ سے مل رہاہے،گوارد میں 449 کلومیٹر لمبی سڑک کا افتتاح کیا جا چکا ہے جو گوادر سے کوئٹہ تک جائے گی،پہلے کوئٹہ سے گوادر جانے میں 2دن لگتے تھے اب اس سڑک کے ذریعے یہ سفر 8گھنٹے میں طے ہوگا۔

۔وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں میں تیز رفتاری کاچین بھی پاکستان کا معترف ہو گیا ہے اور ان منصوبوں میں شفافیت اپنی مثال آپ ہے، کم اخراجات اور کم وقت میں یہ منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ماضی کے حکمرانوں کا محاسبہ کرنا چاہیے جو ملک کو اندھیروں کی طرف لے گئے۔انہوں نے کہاکہ باب پاکستان کا منصوبہ پرویز مشرف کے دور میں شروع ہواجو 13سال گزر جانے کے بعد بھی وہیں کھڑا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوامی مسائل کے ساتھ ساتھ تاریخی عمارات اور ورثہ کو محفوظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محسن پاکستان حفیظ جالندھری کے مزار کی نئے سرے سے تعمیر کی اور اس کو خوبصورت بنایا جس کے لئے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں آج ہم موجود ہیں وہ ایک زمین کا ایک ٹکڑا ہی نہیں ہے بلکہ یہاں پر قرارداد پاکستان منظور ہوئی،گریٹر اقبال پارک کی توسیع لاہور کی خوبصورتی میں خوبصورت باب کا اضافہ ہواہے۔

انہوں نے کہا کہ گریٹراقبال پارک میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نام کے گیٹ لگائے گئے ہیں جو کہ پورے پاکستان کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک میں فوڈ کورٹس کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے جس سے ملکی و غیر ملکی سیاح استفادہ کریں گے اوران کے لئے پارک مرکزی نقطہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نئے ہسپتال تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ سیروسیاحت کی طرف بھی توجہ دے رہی ہے اور یہ سفر جاری رہے گا،ہماری خواہش ہے کہ دیہی علاقوں میں بھی ہسپتال بنیں،قبل ازیں وزیر اعظم نے گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کیا،اس موقع پر وزیر اعظم محمد نواز شریف کو منصوبہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی خطاب کیا،بعدازاں وزیراعظم کو سوینیئر پیش کیا گیا

متعلقہ عنوان :