طیار ہ حادثے میں جاں بحق گیارہ مسافروں کی میتیں سی 130طیارے کے ذریعے چترال پہنچاکر سپرد خاک

حویلیاں طیارہ حادثے کی میتوں کی آبائی علاقوں کو منتقلی کاعمل مکمل 3 غیرملکیوں کی میتیں پمز سرد خانے میں محفوظ ہیں جس کے لیے سفارتخانوں سے رابطے میں ہیں، اسپتال انتظامیہ

اتوار 18 دسمبر 2016 05:10

چترال (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2016ء) پی آئی اے طیار ے حادثے میں جاں بحق ہونے والے گیارہ مسافروں کی میتیں ہفتے کے روز سی 130طیارے کے ذریعے چترال پہنچاکر سپرد خاک کردی گئیں جس کے ساتھ چترال سے تعلق رکھنے والے تمام بیس مسافروں کی میتوں کی شناخت اور چترال لانے کا کام مکمل ہوگیا۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ نے ائرپورٹ میں میتیں وصول کی جنہیں بعد میں مختلف گاؤں کی طرف بھیج دیئے گئے جن میں گرم چشمہ کی گاؤں ایژ سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد مرزا گل ان کی بیو ی گل حوران،بیٹے فرحان علی اور حسن علی اور دو بیٹیاں ثمینہ گل اور زاہدہ پروین شامل تھے۔

محمد علی کو زئیت گاؤں، سلمان زین العابدین اور محمد خان کو موردیر گاؤں اور احترام الحق کو بونی میں سپرد خاک کئے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح شمشاد بیگم کو ان کے آبائی گاؤں ژانگ بازار میں اور عائشہ عثمان کو شاہ نگار دروش میں سپرد خاک کئے گئے۔ ضلع ناظم نے زئیت اور بونی کے مقامات پر نماز جنازے میں شرکت کی جبکہ چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ نے گرم چشمہ کے مقام پر نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

چترال ائرپورٹ پر طیارے کے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہاکہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں وہ اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کریں کیونکہ چترال کا ہر ایک فرد اپنے آپ کو ان شہیدوں کا پسماندگان میں شمار کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امر الٰہی کو کوئی طاقت ٹال نہیں سکتی جوکہ اللہ کی طرف سے دراصل ایک ازمائش کے طور پر مختلف صورتوں میں آتی ہیں اور سرخرو اور کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں جوکہ اس گھڑی میں صبر کا دامن نہیں چھوڑتے۔

انہوں نے میتیوں کی شناخت کے عمل سے لے کر چترال منتقلی تک تمام مراحل میں ذاتی دلچسپی لینے اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے رابطہ رکھنے پر وزیر اعظم نواز شریف کا چترالی عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ادھر ) طیارہ حادثے میں جاں بحق مزید 11 افراد کی میتیں چترال میں ان کے آبائی علاقوں کو پہنچادی گئی ہیں جس کے ساتھ ہی پاکستانی افراد کی میتوں کی منتقلی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سانحہ حویلیاں میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد کی میتیں نور خان ایئر بیس سے پاک فضائیہ کے خصوصی سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے چترال پہنچادی گئی ہیں۔ جن افراد کی میتیں چترال پہنچائی گئی ہیں ان میں 6 کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور ان کے نام گل نورانی، مرزا گل، ثمینہ گل، زاہدہ پروین، فرحان علی اور حسن علی ہیں جب کہ دیگر افراد کے نام احترام الحق، عائشہ عثمان، محمد علی خان، محمد خان اور سلمان زین العابدین ہیں۔

پمزانتظامیہ کا کہنا ہے کہ 11 میتوں کی منتقلی کے بعد طیارے میں سوار تمام پاکستانی افراد کی میتوں کی منتقلی کا عمل مکمل ہوگیا ہے تاہم 3 غیرملکیوں کی میتیں اسپتال کے سرد خانے میں محفوظ ہیں۔واضح رہے کہ چترال سے اسلام آبادجانے والی پی آئی اے کی پرواز ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی تھی جس میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔