سانحہ کوئٹہ کی انکوائری رپورٹ میں حکومت پنجاب کی تعریف

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی رپورٹ میں فرانزک سائنس ایجنسی قائم کرنے پر حکومت پنجاب کو سراہا گیا سائنس ایجنسی کے ماہرین نے پیشہ وارانہ انداز میں کام کرکے اپنی قابلیت کو ثابت کیا ترقی یافتہ ممالک میں بھی ایسی لیب بنانے کیلئے 5 سے 7 سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے،وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے فرانزک سائنس ایجنسی 3 سال سے کم مدت میں بنائی گئی

اتوار 18 دسمبر 2016 05:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2016ء ) سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملے کی انکوائری رپورٹ میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے قیام پر حکومت پنجاب کو سراہا گیا ہے۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے قیام کو سراہتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ جدید ترین لیبارٹری انتہائی قلیل مدت میں قائم کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے متاثرین کو فوری طور پر ادائیگی کی بھی تعریف کی گئی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل اور ان سے وابستہ ماہرین کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ماہرین نے انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں کام کیا اور اپنی قابلیت کو ثابت کیا۔

اس قسم کی لیبارٹری کے قیام کیلئے ترقی یافتہ ممالک میں بھی پانچ سے سات سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے یہ ادارہ محض تین سال سے کم عرصے میں قائم کر لیاگیا۔

(جاری ہے)

جہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کیا جاتا ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ میں متعدد اداروں اور افراد کی خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں کے ثمرات تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ عوامی ضرورت اور فلاح کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ تر جمان نے کہا کہ عدلیہ ، میڈیا اور عوام میں حکومت پنجاب کے منصوبوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بین الاقوامی ادارے بھی حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہیں ۔ چین کی طرف سے” پنجاب سپیڈ“ اس کی ایک مثال ہے