سکھر ،تمام تر دعوؤں کے باوجود وی آئی پی کلچر ختم نہ ہوسکا ،

تین افراد اتارنے کیلئے کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پرواز کا اچانک روٹ تبدیل کر دیا گیا خورشید شاہ، منظور وسان اور ڈی جی سول ایوی ایشن کو اتارنے کے بعد پرواز اسلام آباد روانہ،ائیرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

اتوار 18 دسمبر 2016 04:56

سکھر ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2016ء )ملک سے تمام تر دعووں کے باوجود وی آئی پی کلچر ختم نہ ہوسکا ، تین افراد کو اتارنے کیلئے کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پرواز کا اچانک روٹ تبدیل ، پرواز کو سکھر ائیرپورٹ پر اتارلیا گیا،سکھر ایئر پورٹ پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ،صوبائی وزیر منظور وسان اور ڈی جی سول ایوی ایشن کو اتارنے کے بعد پرواز اسلام آباد روانہ ہوسکی ، سکھر ائیرپورٹ پر طیارے کے مسافروں کا احتجاج تفصیلات کے مطابق ملک سے حکومتوں کے تمام تر دعووں کے باوجود وی آئی پی کلچر کسی طور ختم نہیں ہوسکا ہے جس کا اظہارہفتے کے روز اس وقت دیکھنے میں آیا جب کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 368 کا اچانک روٹ تبدیل کر دیا گیا اور اسے اسلام آبا د جانے سے قبل سکھر ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا جہاں پر پرواز میں سوار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ، صوبائی وزیر صنعت منظور وسان اور ڈی جی سول ایوی ایشن کو سکھر ائیرپورٹ پر اترے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد بھی کچھ دیر تک پرواز سکھر ائیرپورٹ پر موجود رہی جس پر پرواز کے دیگر مسافروں نے احتجاج کیا جن کے احتجاج کے بعد پرواز کو اسلام آباد لے جایا گیا واضح رہے کہ اے ٹی آر طیارے انڈر گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے سکھر ائیرپورٹ سے اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے منقطع ہے ۔