بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاکستان اس کی سوچ سے بھی زیادہ طاقتور ہے،ڈاکٹرقدیرخان

آج پاکستان میں کئی قدیر خان بن گئے ہیں ، یہ صرف عشق و محبت کی بات ہے ،مجھے اور میری ٹیم کو پاکستان اور پاکستانی قوم سے پیار تھا،تقریب سے خطاب

پیر 19 دسمبر 2016 10:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2016ء)معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاہے کہ بھارت احمقوں کی دنیا میں رہتا ہے اس کو پتہ نہیں اللہ نے پاکستان کو کتنا طاقتور بنادیا ہے۔ماورا کے زیر اہتمام 18سو سے زائد قرآنی موضوعات پر مبنی سید الظفر صدیقی کی تصنیف انسائیکلوپیڈیا کتاب کی رونمائی کے لئے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کی اس تقریب میں پی ٹی وی کے چیئرمین عطاالحق قاسمی، سینئر صحافی ضیاشاہد، ڈاکٹر صغری صدف، صوفیہ بیدار، ظہیر الدین بابر، پروفیسر رفاقت گوندل کے علاوہ ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ کسی کام کو کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کام سے عشق ہون چاہیے جس کام کو کرنے کے لئے عشق ہوجائے تو وہ کام پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ اس نے ایٹمی دھماکے کرکے یہ سمجھا ہوگا کہ پاکستان خاموش رہے گا یہ اس کی سوچ تھی پھر ہم نے وہ کردکھایا جو وہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ آج پاکستان میں کئی قدیر خان بن گئے ہیں ، یہ صرف عشق و محبت کی بات ہے مجھے اور میری ٹیم کو پاکستان اور پاکستانی قوم سے پیار تھا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا احمقوں کی دنیا میں رہتا ہے اس کو پتہ نہیں اللہ نے پاکستان کو کتنا طاقتور بنادیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے سعید الظفر صدیقی کی کاوشوں کو سراہا۔