2017 میں چوہدری نثار وزیرداخلہ نہیں رہیں گے،منظور حسین وسان کی پیشنگوئی

پانامہ لیکس کے کاغذات نواز شریف کے جیب میں پڑے ہیں جو باہر نکالنے ہیں،میڈیا سے بات چیت

بدھ 21 دسمبر 2016 10:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2016ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2017 میں چوہدری نثار وزیرداخلہ نہیں رہیں گے پانامہ لیکس کے کاغذات نواز شریف کے جیب میں پڑے ہیں جو باہر نکالنے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں سندھ اسمال انڈسٹری بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس کہ بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔

منظور وسان نے کہا کہ پانامہ لیکس نواز شریف کی جان نہیں چھوڑیگا پیپلزپارٹی 2017 سے پہلے نواز شریف کے جیب سے پانامہ لیکس کے ثبوت نکال لے گی وزیراعظم کے لیے پانامہ لیکس مشکل کریگا ہم نے جمہوریت کہ لیے کوڑے بھی کھائے ہیں ہم اس کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے آنے کہ بعد اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہونگی دبئی والے بھی جلد وطن واپس آجائیں گے 2017 کا نیا سال سندھ اور پیپلزپارٹی کے لئے اہم اور اچھا سال ہوگا 2017 جلسوں اور جلوسوں کا سال بھی ہوگا اور سیاسی گرما گرمی بھی ہوگی۔

(جاری ہے)

منظور وسان نے کہا کہ حیران ہوں کہ چوہدری نثار، فنکشنل لیگ اور دیگر پارٹیاں کہتی ہیں کہ پیپلزپارٹی کرپشن میں ملوث ہے میں ان سے کہتا ہوں کہ پہلے آپ اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں پھر دوسروں کہ خلاف بولیں قبضہ گروپ کون ہے سب جانتے ہیں حیدرآباد اور خیرپور میں کون قبضہ مافیا ہے یہ بھی سب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہماری اکثریت کو کس نے اقلیت میں بدلا کیا یہ جمہوری عمل تھا؟اقلیتوں کے حقوق سے متعلق بل پر نظر ثانی کریں گے مذہبی جماعتوں کے اعتراضات دور کیے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں منظور حسین وسان نے کہا کہ دو ہزار سترہ الیکشن کا سال ہوگا نیا سال پیپلزپارٹی کے لئے اہم ہوگا اور نشستیں بڑھیں گی۔ منظور وسان نے کہا کہ نئے سال کی آمد ہے کیا پتہ آئی جی صاحب نیا سال منانے چھٹیوں پر گئے ہوں آئی جی سندھ کو ہٹانے کہ متعلق مجھے کوئی علم نہیں ہے آئی جی اور چیف سیکریٹری وفاق لگاتا ہے سفارشات صوبائی حکومت کی ہوتی ہیں۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ سندھ اسمال انڈسٹریز کیلئے 113 ملین بجٹ اجلاس میں منظور کر لیا گیا ہے جس میں ملازمین کو پانچ ماہ کی تنخوائیں اور پینشن بھی شامل ہیں 300کی تعداد کی بجائے 875 ملازمین محکمہ میں بھرتی کیے گئے سندھ اسمال انڈسٹری کے 632 ملین سالانہ اخراجات ہیں ادارہ کیسے چلائیں۔ منظور وسان نے مزید کہا کہ ریونیو کلیکشن انتہائی کم ہے ریونیو بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں سندھ اسمال انڈسٹریز کی زمین پر شاپنگ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ محکمہ کے اخراجات کم کئے جا سکیں ۔سکھر میں بھی اچھی زمین دیکھ کر انڈسٹریل زون بنایا جائے گا سندھ اسمال کو مضبوط بنانا ہے۔اجلاس میں صنعت و تجارت کے سیکریٹری عبدالرحیم سومرواور بورڈ کے ممبران شریک تھے۔