کراچی : رینجرز کی آصف علی زرداری کی آمد سے قبل بڑی کارروائی

سابق صدر کے قریبی ساتھی کی کمپنی کے تین دفاتر پر چھاپوں کے دوران اہم ریکارڈ قبضے میں لے کر ایک غیر ملکی خاتون سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا ایک ہی کمپنی کے 2 دفاتر میں کارروائی میں 5 افراد کو گرفتار ، بڑی تعداد میں اسلحہ اورگولیاں برآمد کی گئیں،سندھ رینجرز کارروائیاں اسلحہ کی موجودگی اور شرپسند عناصر کی مالی معاونت کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئیں ،بیان

ہفتہ 24 دسمبر 2016 11:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2016ء)کراچی میں رینجرز نے سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی سے قبل بڑی کارروائی کی ہے، رینجرز نے سابق صدر کے قریبی ساتھی کی کمپنی کے تین دفاتر پر چھاپوں کے دوران اہم ریکارڈ قبضے میں لے کر ایک غیر ملکی خاتون سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے آئی آئی چندری گرروڈ،ہاکی اسٹیڈیم اور میٹروپول کے قریب دفاتر پر چھاپے مارے، اس دوران اہم ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ، ہاکی اسٹیڈیم کے قریب دفترمیں کارروائی میں ایڈمن منیجرجبکہ آئی آئی چندری گرروڈ پرواقع دفترمیں کارروائی کے دوران 2 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

رینجرز ذرائع کے مطابق چھاپوں کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، تاہم رینجرز کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی سابق صدر آصف زرداری کے قریبی دوست انور مجید کے ہیں۔ حراست میں لیے جانے والوں میں ایڈمین منیجر اومنی گروپ کاشف بھی شامل ہیں۔انور مجید اومنی گروپ کے مالک بتائے جاتے ہیں جن کے تین مختلف دفاتر پر چھاپے مارے گئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دفتر میں رقوم کی منتقلی کا کاروبار ہوتا تھا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق جن دفاتر پر چھاپا مارا گیا ہے، وہ سابق صدر آصف زرداری کے قریب ساتھی انور مجید کے ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک ٹیم انور مجید کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائش پر روانہ ہوگئی ہے، جب کہ انور مجید کے قریبی ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھرسندھ رینجرز نے کہا ہے کہ ایک ہی کمپنی کے 2 دفاتر میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 5 افراد کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ اورگولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے جمعہ کی صبح کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ اور ہاکی سٹیڈیم کے علاقوں میں ایک ہی کمپنی کے 2 دفاتر میں کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اسلحہ کی موجودگی اور شرپسند عناصر کی مالی معاونت کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئیں جس دوران پانچ افراد کو گرفتار کر کے دفاتر کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں کامران منیر انصاری، کاشف حسین، شہزاد شاہد ، رجب علی راجپر اور اجمل خان شامل ہیں جبکہ برآمد ہونے والے اسلحہ میں 17 کلاشنکوف، 4 پستول، 9 عدد بال بم اور 3225 گولیاں شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے اسلحہ اور دستاویزات کی چھان بین کے بعد سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور اگر ٹھوس شواہد ملے تو پراپرٹی مالکان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔