تحریک انصاف کی پولیٹیکل سٹریٹجی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس، پانامہ لیکس پر عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ

بدھ 28 دسمبر 2016 09:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2016ء) ااسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی کی پولیٹیکل سٹریٹجی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کی۔ اجلاس میں اسحاق خاکوانی, عاطف خان, عامر کیانی, شاہ فرمان, علی امین گنڈا پور کے علاوہ پنجاب, پختونخوا اور اسلام آباد کے ریجنل صدورنے بھی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پانامہ لیکس پر عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں ریجنل صدور کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیاہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرکاء سے کہا کہ عمران خان کا پیغام ملک کے کوچے کوچے میں پھیلانا ہے۔حکمران پوری حکومتی مشینری اور وسائل استعمال کرکے پانامہ ایشو کودبادینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پہلے ہی تاخیری حربوں کو ستعمال کرتے ہوئے جواب دینے کے بجائے قوم کے قیمتی آٹھ ماہ ضائع کر چکے ہیں۔وزیر اعظم نے لوٹی گئی دولت بچانے کیلئے پارلیمان میں کھلے عام جھوٹ بولا۔اور عدالت عظمیٰ میں بھی جواب دینے کی بجائے فرار کے رستے تلاش کئے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ قوم پانامہ کی حقیقت جان چکی ہے۔ انہوں نے شرکاے سے کہا کہ ہم ملک کے کوچے کوچے میں عوام کو متحرک کریں گیاور وزیر اعظم کو احتساب سے فرار کا کوئی رستہ نہیں دیں گے۔