پاکستان دہشت گرد نہیں محفوظ ملک ہے،چینی شہری

لاہور پولیس کی جانب سے چوری ہونے والے 5 لاکھ روپے 24 گھنٹے میں ڈھونڈ نکالنے پر چینی حکام نے خوشی کا اظہار

بدھ 28 دسمبر 2016 09:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2016ء)چینی چیمبر آف کامرس کے صدر اور نائب صدر نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گرد ملک نہیں۔لاہور پولیس کی جانب سے چوری ہونے والے 5 لاکھ روپے 24 گھنٹے میں ڈھونڈ نکالنے پر چینی حکام نے خوشی کا اظہار کیا۔چینی شہری رابن نے لاہور پولیس کی اس برق رفتاری پر مسرت کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو پاکستان میں محفوظ تصور کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روزقبل چینی حکام کے گھر سے 5 لاکھ روپے چوری ہوگئے تھے جنہیں لاہور پولیس نے 24 گھنٹے میں برآمد کرلیا تھا۔چینی شہریوں کی جانب سے اس بروقت کارروائی پر ڈیفنس پولیس اسٹیشن کی اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ پولیس(اے ایس پی) انوش مسعود کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اے ایس پی انوش مسعود کا ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چینی شہریوں کے گھر میں پیش آنے والی چوری کی واردات کے بعد ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی جس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ہم نے مسروقہ رقم برآمد کرلی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چوری میں ملوث افراد کو ٹریس کیا اور تکنیکی انداز میں تحقیقات کرتے ہوئے چوری میں ملوث افراد تک پہنچ گئے۔پولیس کے مطابق چینی شہریوں کے گھر ہونے والی چوری کی اس واردات میں مقامی ملازم ملوث تھے جنہیں حراست میں لیا جاچکا ہے، مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔