پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کیلئے تیار کردہ دو بحری جہاز پی ایم ایس ایس ہنگول اور بسول 3 روزہ خیر سگالی دورے پر انڈونیشیا کی پورٹ بیلاوان پہنچ گئے

جمعہ 30 دسمبر 2016 11:40

کراچی/ انڈونیشیا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2016ء) چین کے تعاون سے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کیلئے تیار کردہ دو بحری جہاز پی ایم ایس ایس ہنگول اور بسول 3 روزہ خیر سگالی دورے پر انڈونیشیا کے پورٹ بیلاوان پہنچ گئے۔ اس موقع پر انڈونیشن نیوی، آرمی اور ائیر فورس کے دستوں نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے جہازوں اور عملے کا پرجوش استقبال کیا۔

قبل ازیں جہاز کے لنگر انداز ہونے کے موقع پر میوزیکل بینڈ نے سماٹرا سول سوسائٹی کے ہمراہ روایتی کلچرل شو پیش کرکے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انڈونیشن نیوی، آرمی، ایئر فورس اور کوسٹ گارڈ سمیت پاکستانی سول و عسکری اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے دو بحری جہاز پی ایم ایس ایس ہنگول اور بسول تین روزہ خیرسگالی دورے کے موقع پر انڈونیشن کوسٹ گارڈ و دیگر آفیشل کے ہمراہ مشترکہ مشقوں اور اسپورٹس سمیت دیگر اہم تقاریب میں شریک ہوں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے بحری جہاز متواتر دوست ممالک کی بندگاہوں پر خیر سگالی دورے کرتے رہتے ہیں جو کہ نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ مشترکہ میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے اور دونوں ممالک کی سمندی گزرگاہوں کو محفوظ بنانے میں بھی کارگر ثابت ہوں گے۔ خطے میں اقتصادی راہداری کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے اپنی دفاعی و انفرادی قوت کو بڑھانے کے کئی میگا پروجیکٹس شروع کررکھے ہیں اور یہ دونوں جہاز انہی پروجیکٹس کا حصہ ہیں اور اسی کڑی کے دو اور جہاز چین کے اشتراک سے پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں زیر تعمیر ہیں۔

متعلقہ عنوان :