فلوریڈا ایئرپورٹ حملے کا ملزم سابق امریکی فوجی نکلا

ایئرپورٹ پر امریکی فوج کے سابق اہلکار نے اپنے سامان کے بیگ سے بندوق نکالی اور فائرنگ کردی

اتوار 8 جنوری 2017 13:39

فلورریڈا( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جنوری۔2017ء ) امریکی ریاست فلوریڈا کے لاوٴڈرڈالے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کرنے والا شخص سابق امریکی فوجی نکلا جو عراق میں بھی تعینات رہ چکا ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر امریکی فوج کے سابق اہلکار نے اپنے سامان کے بیگ سے بندوق نکالی اور فائرنگ کردی۔

حکام نے بتایا کہ 26 سالہ ایسٹیبن سینٹیاگو نے جس بیگ سے اسلحہ نکالا اسے ایئرپورٹ حکام کی جانب سے چیک کیا جاچکا تھا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ سینٹیاگو نے ایئرپورٹ کے اس حصے میں لوگوں پر فائرنگ کی جہاں مسافر اپنا سامان لینے کے لیے موجود ہوتے ہیں۔حملہ آور کی شناخت 26 سالہ ایسٹیبن سینٹیاگو کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست الاسکا کا رہنے والا ہے اور وہ عراق میں نیشنل گارڈ کے اہلکار کے طور پر تعینات رہ چکا ہے لیکن گزشتہ برس غیر اطمینان بخش کارکردگی کی وجہ سے اسے برطرف کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم کے بھائی کا کہنا ہے کہ سینٹیاگو ذہنی انتشار کا شکار ہے اور اس کا علاج بھی چل رہا ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ نومبر 2016 میں سینٹیاگو الاسکا میں وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) کے دفتر گیا تھا اور کہا تھا کہ امریکی حکومت اس کے دماغ کو کنٹرول کررہی ہے اور اسے داعش کی وڈیوز دیکھنے پر مجبور کررہی ہے۔سینٹیاگو کے بھائی برائن نے بتایا کہ 'میرے بھائی کا الاسکا میں دماغی علاج چل رہا ہے، جب وہ عراق سے واپس آیا تو ہو خود کو بہتر محسوس نہیں کررہا تھا، اس کی گرل فرینڈ نے چند ماہ قبل ہمیں اس کی حالت کے بارے میں بتایا'۔