پیپلزپارٹی کی نئی تنظیم سازی، زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس

کارکن پارٹی کا سرمایہ اور میری طاقت ہیں،ہم مل کر ایک طاقت بن کر بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

منگل 10 جنوری 2017 11:41

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جنوری۔2017ء )پاکستان پیپلزپارٹی کی نئی تنظیم سازی کے سلسلے میں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے رہنماؤں اور مختلف عہدوں کے لئے امیدواروں نے انٹرویو دئیے۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سیکریٹر اطلاعات چوہدری منظور، پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، مصطفی نواز کھوکھراور جمیل سومرو سمیت فیڈرل کونسل کے اراکین ملک حاکمین خان، ابرار رضوی، فوزیہ حبیب، زمرد خان، عامر فدا پراچہ، مرتضیٰ ستی اور رشید میرسمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں کی خدمات، آمریت کے دوران جدوجہد کرنے اور ثابت قدم رہنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ اور میری طاقت ہیں۔ ہم مل کر ایک طاقت بن کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے جانثاروں اور شہید بھٹو کے جیالوں کا ہے۔اجلاس میں پارٹی کے کارکنوں نے بھی اپنے رائے کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زردری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور عہد کیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط اور متحرک کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔