ریاست فلوریڈا ائرپورٹ پر حملہ کرنے والے امریکی دہشتگرد کے حیران کن انکشافات

امریکی حکومت اسے داعش کے لئے لڑنے پر مجبور کررہی تھی، ایف بی آئی کو یہ بات بتائی تو انہوں نے مجھے نفسیاتی مریض کہہ کر بھگا دیا ،ایسٹیبان سنٹیاگو

بدھ 11 جنوری 2017 14:58

واشنگٹن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2017ء )امریکی حکومت کے داعش سے پراسرار قسم کے تعلقات کی خبریں وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں لیکن ریاست فلوریڈا کے ائرپورٹ پر شہریوں پر اندھا دھند گولیاں برسانے والے امریکی دہشت گرد کے حیران کن انکشافات نے تو گویا ایک ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ویب سائٹ رپورٹ کے مطابق ریاست الاسکا سے تعلق رکھنے والے 26سالہ ایسٹیبان سنٹیاگو کا کہنا ہے کہ خود امریکی حکومت اسے داعش کے لئے لڑنے پر مجبور کررہی تھی۔

اس نے یہ بات چند ماہ قبل امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے دفتر میں جا کر بتائی مگر اسے نفسیاتی مریض کہہ کر بھگا دیا گیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ داعش میں شامل نہیں ہونا چاہتا تھا لیکن حکومت اس پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ وہ داعش کے جنگجوؤں کے ساتھ مل کر لڑے۔

(جاری ہے)

وہ اس سے پہلے عراق میں بھی فرائض سرانجام دے چکا تھا اور تربیت یافتہ ہونے کے علاوہ ان علاقوں اور ماحول سے بھی واقفیت رکھتا تھا جہاں داعش کے شدت پسند عراقی اور شامی حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

امریکی حکام نے ایسٹیبان کے متعلق سامنے آنے والے اس حیران کن انکشاف کو یہ کہہ کر رد کر رہے ہیں کہ وہ نفسیاتی مسائل سے دوچار تھا۔ ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ایف بی آئی نے اسے ذہنی امراض کے ایک ہسپتال بھیجا تھا جہاں اس کا علاج کیا گیا اور صحت یاب ہونے پر گھر واپس بھیج دیا گیا تھا۔جمعہ کے روز ایسٹیبان نے فلوریڈا کے پورٹ لارڈر ڈیل ائیرپورٹ پر اندھا دھند فائرنگ کرکے پانچ افراد کو ہلاک کردیا جبکہ چھ شدید زخمی ہوئے تھے۔

وہ سامان وصول کرنے کے لئے قطار میں کھڑے مسافروں پر گولیاں برساتا رہا اور جب تک گولیاں ختم نہیں ہوگئی مسلسل فائرنگ کرتا رہا۔ اب وہ پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے تفتیش کی جارہی ہے، تاہم داعش کے متعلق اس کے بیان پر امریکی حکام نے خاموشی اختیار کر لی ہے۔