صدارتی ایوارڈ یافتہ سماجی کارکن ویرو کولھن کا بلاول بھٹو کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

سیاستدان عوام سے ووٹ لینے کے بعد عوام کے مسائل فراموش کرکے پیسہ جمع کرنا شروع کردیتے ہیں ،میں حکمرانوں کو ا حساس دلانے کیلئے میدان میں آیا ہوں ،پریس کانفرنس

ہفتہ 14 جنوری 2017 13:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2017ء) صدارتی ایوارڈ یافتہ سماجی کارکن ویرو کولھن نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ 204، لاڑکانہ پر ضمنی الیکشن ہونے کی صورت میں بلاول زرداری کے سامنے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاستدان عوام سے ووٹ لینے کے بعد عوام کے مسائل کو فراموش کرکے کرپشن کے ذریعے پیسہ جمع کرنے میں مصروف ہوجاتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ کی عوام سے ووٹ حاصل کرنے والے حکمرانوں نے لاڑکانہ کے لئے 90ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ حاصل کر کے یہ رقم ہڑپ کر لی اور ایک ٹکے کا بھی کام نہیں کرایا،انہوں نے کہاکہ اگر اس رقم کا 10فیصد بھی لگ جاتا تو لاڑکانہ پیرس بن جاتا لیکن لاڑکانہ شہر کے عوام آج بھی گندے پانی میں ڈوبے راڈوں اور گلیوں سے گذر رہے ہیں اور صحت و تعلیم سمیت پینے کے پانی جیسی بنادی سہولت سے محروم ہیں اس لئے ضروری ہے کہ حکمران طبقے کے سامنے عوام میں سے عوامی نمائندہ امیدوار سامنے آئے ،انہوں نے بلاول زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں نے 20سالوں تک بانڈیڈ لیبر کے خلاف آواز بلند کی ہے ،قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ،سندھ کے وڈیروں کے مظالم کا شکار بھٹہ مزدوروں اور مظلوم عورتوں کو قید سے رہائی دلائی اس لئے مجھے احساس ہے کہ سندھ کا عام ہا ری ،مزدور،عورتیں اور طالبعلم کن حالات اور مشکلات سے گذررہے ہیں ،انہوں نے بتایاکہ عام انتخابات حیدرآباد کے صابائی حلقہ پر بھی میں نے حکمران جماعت کے امیدوار شرجیل میمن کے سامنے الیکشن لڑنے کا تجربہ حاصل ہے اور اس دوران میرے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرکے مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی اور اس صورتحال کے باوجود وہ لاڑکانہ کے حلقہ 204قومی اسمبلی پر الیکشن ہونے کی صورت میں بلاول زرداری کے سامنے الیکشن لڑنے کا اعلان کر تی ہوں اور یہ الیکشن میں تنظیم پاسبان کے پلیٹ فارم سے لڑونگی کیونکہ پاسبان مظلوم لوگوں کے حقوق کیلئے کام کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ سماجی تنظیم پاسبان سندھ کے رہنما خلیل احمد پالاری ،ارشد آرائیں اور نور محمد چاندیو بھی موجود تھے۔