آرمی چیف کا افغان صدراشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ

دہشتگردی کیخلاف آپریشن میں تعاون ،بارڈرمینجمنٹ بہتر بنانے اوردہشتگردی کیخلاف انٹیلی جنس شیئرنگ پراتفاق آرمی چیف کا افغانستان میں حالیہ دہشتگردحملوں میں جاں بحق افرادکے لواحقین سے اظہارتعزیت،افغان صدر کا اظہار تشکر پاکستان میں اب دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہے ،جنرل قمرجاویدباجوہ

پیر 16 جنوری 2017 11:38

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جنوری۔2017ء)آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے افغانستان کے صدراشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کیاہے ،جس میں دونوں رہنماوٴں کے درمیان دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں تعاون کرنے ،بارڈرمینجمنٹ بہتربنانے اوردہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس شیئرنگ کرنے پراتفاق کیاگیا۔آرمی چیف نے افغانستان میں حالیہ دہشتگردحملوں میں جاں بحق افرادکے لواحقین سے اظہارتعزیت بھی کیا،جس پرافغان صدرنے آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کاشکریہ اداکیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق اتوارکے روزآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے افغان صدراشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔افغان صدراشرف غنی سے ٹیلی فونک گفتگومیں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہاکہ پاکستان اورافغانستان کودہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں ایک دوسرے سے تعاون کرناہوگااورایک دوسرے پرالزام تراشی سے گریزکرناہوگا،الزام تراشی سے دونوں ممالک کے دشمن فائدہ اٹھاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہاکہ دہشتگردوں کی نقل وحمل روکنے کیلئے دونوں ممالک کوبارڈرمینجمنٹ بہترکرناہوگی اورانٹیلی جنس شیئرنگ کرناہوگی تاکہ دونوں ممالک کے عوام آپریشن ضرب عضب کے ثمرات سے مستفیدہوسکیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اب دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہے ،پاکستان اورافغانستان کئی سالوں سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں ،پاکستان افغانستان کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف جنگ اورافغانستان میں امن کیلئے افغان حکومت سے تعاون جاری رکھے گا۔

آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے افغانستان میں حالیہ دہشتگردیکاشکارہونے والے افرادکے لواحقین سے اظہارتعزیت بھی کیااورکہاکہ افغانستان میں حالیہ دہشتگردی قابل مذمت ہے اورمجھے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس ہے ۔افغان صدراشرف غنی نے افغانستان سے ہمدردی کاجذبہ رکھنے پرآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کاشکریہ اداکیااورکہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان سے مل کرکام کریں گے