امریکا کی آن لائن ویب سائٹ ایمیزون پرگاندھی کی تصویر والی چپل کی فروخت

ایک بار پھر بھارتیوں کے جذبات کو بھڑکا دیا

پیر 16 جنوری 2017 11:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جنوری۔2017ء) بھارتی پرچم کے پائیدان کی فروخت کے بعد آ ن لائن چیزیں فروخت کرنے والی سائٹ ایمیزون پر مہاتما گاندھی کی تصویر والی چپل کی فروخت نے ایک بار پھر بھارتیوں کے جذبات کو بھڑکا دیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایمیزون کی ویب سائٹ پر بھارتی پرچم کے پائیدان کی فروخت کے بعد ایمیزون نے ایک بار پھر بھارتیوں کے جذبات کو بھڑکا دیا ہے اور اس بار آ ن لائن چیزیں فروخت کرنے والی امریکی کمپنی نے بھارت کے قومی رہنما اور بھارت کی آزادی میں اہم کردار اداکرنے والے مہاتما گاندھی کی تصویر والی چپل فروخت کے لیے پیش کردی ہے، ایمیزون کی ویب سائٹ پر جو چپل فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے اس میں مہاتما گاندھی کی تصویر چھپی ہوئی ہے جس پر بھارتی عوام نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

گاندھی کی تصویر والی چپلیں اتوار کی صبح تک ویب سائٹ پر موجود تھیں تاہم بھارتی حکومت اور عوام کی طرف سے احتجاج کے بعد انہیں ہٹا دیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمیزون انتظامیہ تک پیغام پہنچانے کے لیے واشنگٹن میں تعینات بھارتی سفیر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ویب سائٹ انتظامیہ کو اس طرح کی چیزیں فروخت کے لیے پیش کرنے سے پہلے بھارتی جذبات اور حساسیت کا پوری طرح سے خیال رکھنا چاہیے۔

ایمیزون ویب سائٹ پر گاندھی کی تصویر والی چپل فروخت کے لیے منظر عام پر آنے کے بعد بھارتی عوام کی جانب سے انتہائی غصہ کا اظہارکیا جارہا ہے اور اس عمل کو بھارت کی توہین قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ویب سائٹ پر بھارتی پرچم کے حامل پائیدان کی فروخت پر ہندوستانی عوام اور حکومت شدید چراغ پا ہوگئے تھے جب کہ بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے اپنے ٹویٹس میں دھمکی دی تھی کہ اگرکینیڈا میں ایمیزون نے بھارتی پرچم والے پائیدان کی فروخت بند نہ کی تو ایمیزون آفیشلز کو بھارتی ویزے جاری نہیں کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :