اب شیخ کا خودکش دھرنا ہوگا جسے دنیا یاد رکھے گی، شیخ رشید احمد

فوجی عدالتوں پر چوں چوں کرنیوالے جنرل کے آنکھیں دیکھانے پر چیں چیں کریں گے ،شریف خاندان کے بچے بیرون ممالک میں اربوں کے مالک ہیں مگر پاکستان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امداد کے مستحق ہیں،نجی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 17 جنوری 2017 12:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2017ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کے دھرنے ہوچکے اب شیخ کا خودکش دھرنا ہوگا جسے دنیا یاد رکھے گی،فوجی عدالتوں پر چوں چوں کرنے والے جنرل کے آنکھیں دیکھانے پر چیں چیں کریں گے،شریف خاندان کے بچے بیرون ممالک میں اربوں کے مالک ہیں مگر پاکستان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امداد کے مستحق ہیں۔

پیر کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ضدی انسان ہے جس ضد میں آتا ہے تو دہی بھلے والے کو ملک کا صدر،ٹھیکیدار کو اسلام آباد کا مےئر اور سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے کو راولپنڈی کا چےئرمین بنا دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس اختتامی مراحل میں ہے،جنوری کے آخر تک فیصلہ آجائے گا یہ کیس سیف الرحمان اور نوازشریف کا ہے آج کل نوازشریف کا وکیل عدالت میں ٹینکل ٹینکل کھیل رہا ہے،نوازشریف استحقاق اور اسثنیٰ کے کھیل میں مارا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے عدالت میں منی ٹریل دی تو ہمارا کھیل ختم ہوجائے گا نہیں تو ہم دیوار کے آخر تک پانامہ کیس لڑیں گے۔پیپلزپارٹی پانامہ کیس میں ہمارے ساتھ شامل نہ ہونے پر ساری زندگی پچھتائے گی۔اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کو ہمارے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے تھا مگر چور چوروں کے ساتھ ملا ہوا ہے،پیپلزپارٹی اپنی چوری چھپانے کیلئے نوازشریف کی چوری بچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حسین نواز نے اپنے انٹرویو میں پانامہ کے علاوہ دیگر جائیدادوں کے نام کا بھی اعتراف کیا تھا جو ان کی والدہ کے نام پر ہیں۔شریف خاندان کے بچے بیرون ممالک میں اربوں روپے کے مالک ہیں مگر پاکستان میں ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے،ان کو پاکستان میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے امداد ملنی چاہئے۔ایک سوال کا جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بوئنگ ہیلی کاپٹر اور طیارہ لے چکا ہے،نوازشریف لینے کی تیاری کر رہا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دال میں کچھ تو کالا ہے یہ لوگ بزنس مین ہیں یہ آنے والے وقت کی پہلے سے ہی تیاری کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ دھرنے کی تیاری کر رہے ہیں،عمران خان اور طاہر القادری نے بھی دو دو دھرنے دئیے ہیں۔عمران خان اور طاہر القادری کے مشورے اور دینی جماعتوں کو ساتھ لے کر ملکی مسائل کے حل کیلئے حکمرانوں کے خلاف دھرنا دیں گے،میرے دھرنے میں لوگ چنے اور گڑ ساتھ لائیں گے،دھرنے کے وقت کا فیصلہ اچانک ہوگا،میرا دھرنا خودکش ہوگا،عوام کا ایمان ہے خودکش سیاستدان شیخ رشید سچا ہے اپنے سرپرکفن باندھ کر نکلا ہے لوگ ہماری باتوں پر یقین کرتے ہیں نوازشریف کی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے جنرل کو آئے ابھی100روز پورے نہیں ہوئے اور یہ فوجی عدالتوں کے حوالے سے چوں چوں کر رہے ہیں مگر جب جنرل نے آنکھیں دکھائی تو چیں چیں کرکے تمام باتیں مانیں گے