آرمی چیف کی پارا چنار بم دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت

مذہب‘ صوبائیت ‘ زبان اور فرقے کے امتیاز سے بالا تر ہوکر ہم سب پاکستانی ہیں،جنرل قمر جاوید باجوہ پارا چنار میں آرمی پبلک سکول کی تعمیر کابھی اعلان

پیر 23 جنوری 2017 10:47

راولپنڈی/پشاور/کرم ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جنوری۔2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور کہاکہ مذہب‘ صوبائیت ‘ زبان اور فرقے کے امتیاز سے بالا تر ہوکر ہم سب پاکستانی ہیں۔ پارا چنار میں آرمی پبلک سکول کی تعمیر کابھی اعلان کیا۔ اتوار کے روز ڈی جی ائی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سی ایم ایچ پشاور‘ کرم ایجنسی ہیڈ کوارٹر ‘ پارا چنار ہسپتالوں کا دورہ کیا اور پارا چنار بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ۔

آرمی چیف نے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضائع پر افسوس کا اظہار کیا۔ آرمی چیف کو کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد نے امن و امان کی صورحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی ادارے کام کررہے ہیں۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کے وفد سے بھی ملاقات کی اور کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی بھائیوں کی حمایت اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ مذہب‘ صوبائیت ‘ زبان اور فرقوں کے امتیاز سے بالاتر ہوکر ہم سب پاکستانی ہیں آرمی چیف نے پارا چنار میں آرمی پبلک سکول کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔