وزیر اعظم میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کیلئے کل ملتا ن کا دورہ کر یں گے

جاوید ہاشمی کی بھی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کا امکا ن

پیر 23 جنوری 2017 10:32

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جنوری۔2017ء) وزیر اعظم نواز شریف کا 24جنوری کو دورہ ملتان ، سینئرسیاستدان جاوید ہاشمی کے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے کا امکان ،مسلم لیگ ن کے مختلف حلقوں اور عام شہریوں میں جاوید ہاشمی کے ن لیگ میں شمولیت کرنے اور نہ کرنے کے متعلق شرطیں لگ گئیں۔وزیر اعظم میاں نواز شریف 24جنوری کو میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کیلئے ملتان آئیں گے جبکہ اس موقع پر جہانیاں،مخدوم رشید ،ٹھٹھہ صادق آباد سمیت جنوبی پنجاب میں عام تاثر یہی پایا جاتا ہے کہ جاوید ہاشمی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کریں گے تاہم یہ معاملی اب کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جاوید ہاشمی کے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعظم نواز شریف کے مابین کلیئرنس نہ ہونے سے یہ معاملہ لٹک جائے گا جبکہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف،مریم نواز،خواجہ سعد رفیق اور دیگر جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے خواہاں ہیں اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے جاوید ہاشمی کی متعدد ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں تاہم مسلم لیگ ن کا ایک طاقت ور گروپ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،خواجہ آصف جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے زیادہ قریب ہیں جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جاوید ہاشمی متعدد مرتبہ اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ پیدائشی مسلم لیگی ہیں اور مرنے کے بعد مسلم لیگ کے پرچم میں دفن ہونے کی وصیت بھی کر چکے ہیں تاہم انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کرنے یا نہ کرنے کے متعلق کبھی ٹھوس جواب نہ دیا ہے۔جاوید ہاشمی کے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے یا نہ کرنے کے متعلق پارٹی کے کارکنوں میں مختلف رائے پائی جاتی ہیں جبکہ عام شہریوں کی جانب سے بھی جاوید ہاشمی کے مسلم لیگ ن میں جانے یا نہ جانے پر بھی شرطیں لگ چکیں ہیں تاہم یہ معاملہ 24جنوری کو میاں نواز شریف کے دورہ ملتان کے دوران کلیئر ہو جائے گا۔