کراچی، لیاری گینگ وار کا کمانڈر نورمحمد عرف بابا لاڈلا رینجرز سے مقابلے میں مارا گیا ،

اسلحہ اور دستی بم برآمد ، ۔نور محمد عرف بابا لاڈلا ٹارگٹ کلنگ،قتلو دیگر مقدمات میں ملوث تھا

جمعہ 3 فروری 2017 12:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2017ء)کراچی میں خوف و دہشت کی علامت لیاری گینگ وار کا کمانڈر نورمحمد عرف بابا لاڈلا اپنے دو ساتھیوں سمیت لیاری میں رینجرز سے مقابلے میں مارا گیا ۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں ۔نور محمد عرف بابا لاڈلا ٹارگٹ کلنگ،قتل، اقدام قتل، گینگ ریپ، پولیس اور رینجرز پر دستی حملوں میں ملوث تھا۔

حکومت نے اس کے سر کی قیمت 25لاکھ مقرر کی تھی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بابا لاڈلا کو گردن ، سینے ، پیٹ اور ٹانگوں پر6گولیاں لگی ہیں۔پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے جاری اعلامیئے کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری پھول پتی لین میں بابا لاڈلا کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے رینجرز کو دیکھتے ہی پر فائرنگ کردی جس کے بعد ملزمان اور رینجرز اہلکاروں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔

(جاری ہے)

مقابلہ 35منٹ تک جاری رہا ۔ رینجرز کی جوابی فائرنگ سے گینگ وار کمانڈر بابا لاڈلا اپنے دو ساتھیوں سمیت مارا گیا جبکہ ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت لیاری گینگ کے کمانڈر نور محمد عرف بابا لاڈلا سکندر عرف سکو اور یاسین بلوچ کے نام سے ہوئی ہے ۔ تینوں دہشتگرد پولیس کو انتہائی مطلوب تھے ، مارے جانیوالے دہشت گردوں کی تصاویر بھی جاری کی گئی ۔

ترجمان رینجرز کے مطابق بابا لاڈلا کے تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے خود کار ہتھیار ، دستی بم اور دیگر اسلحہ ملا ہے ۔ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی کے دوران عمارتوں کی چھتوں سے رینجرزپرفائرنگ کی گئی ۔سندھ رینجرز کے مطابق بابا لاڈلا نے لیاری میں متعدد ٹارچر سیل بنا رکھے تھے ، ملزم 74سے زائد وارداتوں میں پولیس کومطلوب تھا۔

یکم ستمبر 2010میں ملاں لطیف نامی شخص کا تشدد کے ذریعے قتل کیا گیا،بابالاڈلا نے اپریل 2012میں پولیس پارٹی پر حملہ کیا، حملے میں ہیڈ کانسٹیبل فیاض اور پولیس کانسٹیبل طفیل جاں بحق ہوئے، ڈالیما کے رہائشی حاجی اسلم اور اس کے بیٹوں کو قتل کیا، بابا لاڈلا نے عزیر بلوچ کے ساتھ مل کرارشد پپو، یاسر عرفات اور شیرا پٹھان کوقتل کیا۔دوسری جانب بابا لاڈلا کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق بابا لاڈلا کو گردن ، سینے ، پیٹ اور ٹانگوں پر6گولیاں لگیں۔ ٹانگوں پر گولیاں دائیں جانب سے جبکہ گردن سینے اور پیٹ پر بائیں جانب سے لگیں۔بابا لاڈلا کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی رشتے دار خواتین بھی سول اسپتال پہنچ گئیں۔