چارٹر جہاز میں اترنے والے نوجوانوں کو گمراہ نہ کریں ، دھرنے چھوڑ کر کارکردگی میں ہمارا مقابلہ کریں تاکہ اصلیت کا پتہ چل سکے ،نوازشریف کا چیلنج

ہم ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا اور سستی بجلی پیدا کر کے ترقی کو قوم کا مقدر بنائیں گے مخالف یاد رکھیں آپ اپنی روش پر چلنا چاہیں تو ہمیں کوئی پرواہ نہیں آپ دھرنے کرتے رہے ہم ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہیں گے شاہراہوں اور موٹر ویز کا جال بچھا کر قومی تعمیر کر رہے ہیں، اندھیرے چھٹ رہے ہیں ملک معاشی قوت بن رہا ہے سمجھیں نیا پاکستان بن رہا ہے، سی پیک آب زم زم کی حیثیت رکھتی ہے اقوام عالم سے روابط قائم ہوں گے اور ترقی ملک کا مقدر بنے گی ، وزیر اعظم کا کراچی حیدر آباد موٹر وے کے تکمیل شدہ حصے کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 4 فروری 2017 13:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2017ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 2013میں عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو سال2018تک پورا کریں گے، ہم ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا اور سستی بجلی پیدا کر کے ترقی کو قوم کا مقدر بنائیں گے،تعمیر وطن کے سفر میں آج ایک نیا سنگ میل عبور کرنے جارے ہیں، چارٹر جہاز میں اترنے والے نوجوانوں کو گمراہ نہ کریں ،دھرنے چھوڑ کر کارکردگی میں ہمارا مقابلہ کریں تاکہ اصلیت کا پتہ چل سکے لیکن یاد رکھیں آپ اپنی روش پر چلنا چاہیں تو ہمیں کوئی پرواہ نہیں آپ دھرنے کرتے رہے ہم ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہیں گے شاہراہوں اور موٹر ویز کا جال بچھا کر قومی تعمیر کر رہے ہیں، اندھیرے چھٹ رہے ہیں ملک معاشی قوت بن رہا ہے سمجھیں نیا پاکستان بن رہا ہے ۔

سی پیک آب زم زم کی حیثیت رکھتی ہے اقوام عالم سے روابط قائم ہوں گے اور ترقی ملک کا مقدر بنے گی ۔

(جاری ہے)

چارٹر جہاز میں اترنے والے نوجوانوں کو گمراہ نہ کریں ۔ دھرنے کی بجائے کارکردگی میں مقابلہ کریں ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نوری آباد کے مقام پرایم نائن موٹرے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ تعمیراتی کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ حکام،صنعتکار، وفاقی وزیر احسن اقبال سمیت دیگر پارٹی کے مقامی رہنما ؤں نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ قومی تعمیر کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے اب ترقی کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔ راستے منزل کی جانب جاتے ہیں ۔ راستے مشکل ہوں تو منزل تک رسائی مشکل ہو جاتی ہے اور منزل تک رسائی کے راستے آسان ہوں تو منزل تک پہنچنا آسان ہوتا ہے کراچی ‘ حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر سے کراچی اور حیدر آباد کے لوگ قریب آئیں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ۔

انہوں نے کہاکہ سڑکیں رابطہ کاری ہیں موثر کردار ادا کرتی ہیں ان میں معیشت کا خون گردش کرتا ہے سڑکوں کی تعمیر سے فاصلے کم ہو جاتے ہیں اور لوگ قریب آ جاتے ہیں ۔ انشاء اللہ کراچی سے پشاور تک موٹر وے بھی 2018 میں مکمل ہو جائے گی تو معاشی رابطوں کے جال کو مزید تقویت ملے گی۔ آپ دیکھیں کراچی حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے پل بن رہے ہیں ۔

سروس روڈز بن رہے ہیں ۔ ترقی کا یہ سفر یہاں رکے گا نہیں بلکہ یہ سفر چلتا رہے گا ۔ملتان سے سکھر بھی موٹر وے بن رہی ہے جو کراچی اور لاہور کو آپس میں ملائے گی ہر جگہ ترقی کا سفر رواں دواں ہے اور آپ اپنی آنکھوں سے نیا پاکستان بنتا دیکھ رہے ہیں ہر جگہ خوشی خوشی اور ترقی ترقی کے گن گائے جا رہے ہیں ہم نے اس خواب کو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تعبیر دی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی ترقی اب خواب نہیں بلکہ حقیقت بن چکی ہے ہر جگہ موٹر ویز تعمیر ہو رہے ہیں ۔ میٹروز جیسے جدید مواصلاتی سہولیات سے لوگ مستفید ہو رہے ہیں یہ ہمارے وعدے تھے اور ہم اپنے وعدوں کو ایفا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور انشاء اللہ 2018 تک اپنے کئے تمام وعدے پورے کریں گے ۔ بعض لوگ مخالفت کرتے ہیں لیکن ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ قومی تعمیر کوئی کھیل تماشا نہیں ہے بلکہ اس کے لئے جوش ‘ جذبہ ‘ عوامی خدمت اور قوت کار درکار ہوتی ہے اور الحمد اللہ ہم ان تمام لوازمات پر پورا ترنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں ہم نے اقتدار سنبھالا تو ہر طرف اندھیرا تھا معیشت کا بیڑہ غرق ہو چکا تھا ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ۔ نوجوان بے روزگار تھے اور بے روزگار نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لئے ذاتی مفادات کے غرضی لوگ اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ہمارا فرض ہے کہ اپنے بچوں کو ایسے بھیڑیوں سے بچائیں اور ہم نے ایسا ہی کیا ۔

معیشت کی مضبوطی ‘ قومی تعمیر ‘ نوجوانوں کا بہتر مستقبل اور ذاتی مفادات کے غرضی لوگوں سے اپنے بچوں کو بچانا ہے تاکہ وہ ہمارے مستقبل کے معماروں کا استحصال نہ کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ آج معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہے ہر طرف تعمیری کام ہو رہے ہیں ۔عالمی دنیا ہمارے کردار کی متعرف ہے اور عالمی ادارے معاشی ترقی کی تعریف کر رہے ہیں یہ سب تین سال کی محنت کے ثمرات ہیں کیونکہ ہم نے قومی تعمیر کے لئے پہلے بنیادی ڈھانچے پر کام کیا کسی بھی ملک کی ترقی کے پیچھے بنیادی ڈھانچے کا کردار ہوتا ہے اور سڑکیں اور شاہراہیں بنیادی ڈھانچے کا اہم حصہ ہوتے ہیں اس ضمن میں ترکی اور ملائیشیای کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں کہ انہوں نے بنیادی ڈھانچے پر کام کر کے ہی کامیابی او ترقی کے سفر میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوششوں اور موثر اقدامات کی وجہ سے آج سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں جس سے تعمیری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور روزگار کے بھی کثیر مواقع پیدا ہوں گے ۔آپ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کو دیکھیں جس کی وجہ سے دنیا نے پاکستان سے بہت امیدین وابستہ کر رکھی ہیں اس عظیم منصوبے کے کئی مراحل پر کام مکمل ہو چکا ہے اور ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں جبکہ اس منصوبے کی تکمیل پر لاکھوں لوگوں کو روزگار کے وافر مواقع میسر آئیں گے ۔

گوادر پورٹ براہ راست چین اور گلگت بلتستان سے منسلک ہو گا ملک کا ایک کونہ دوسرے سے جڑ جائے گا ۔جبکہ سینٹر ل ایشیاء کے دس ممالک بھی انشاء اللہ سی پیک سے ہی تجارت کریں گے اور دنیا ہماری طرف آئے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی حیدر آباد موٹر وے پر تیز رفتاری سے کام کرنے پر نیشنل ہائی وے اور ایف ڈبلیو کے اداروں سمیت تمام ادارے قابل تعریف ہیں جنہوں نے عوام کی سہولت کے لئے اس منصوبے میں اہم کردار ادا کیا ۔

این ایچ اے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ جبکہ ایف ڈبلیو او کے ڈی جی لفٹیننٹ جنرل محمد افضل خان اس ضمن میں اہم کردار ادا کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں کچھ لوگ ہمارے ان منصوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں لیکن چارٹر جہازوں میں اڑنے والوں کے لئے شاہراہوں اور موٹر ویز کی کوئی اہمیت نہیں اس لئے وہ ان پر تنقید کر رہے ہیں وہ جا کر غریب عوامی ‘ مزددوروں ‘ کسانوں ‘ مریضوں ‘ کاروباریوں سے پوچھیں کہ ان شاہراہوں کی ان کے لئے کیا اہمیت ہے ان شاہراہوں کی وجہ سے ہی ان کی زندگی رواں دواں ہے ۔

مخالفین نے میٹرو کو جنگلہ بس کہا لیکن عوام جانتے ہیں کہ اس سے ان کی زندگی میں کئی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔ کراچی ‘ حیدر آباد ‘ موٹر وے کی تعمیر سے اب لوگ کو آسانیاں پیدا ہوں گی معاشی سرگرمیوں کا باعث بننے کے علاوہ یہ منصوبے تفریح کے بھی سبب ہیں ۔ لوگ حیدر آباد سے کراچی اور کراچی سے حیدر آباد صرف ریسٹورنٹ میں چائے اور کھانے کے لئے بھی اس کو استعمال کر کے تفریح سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں یہ ترقی کے منصوبے ہمارے وعدوں کے مطابق دو سے تین سالوں میں مکمل ہوں گے جبکہ کچھ منصوبے اس سے پہلے بھی مکمل ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پر ماضی میں کسی نے توجہ نہیں دی لیکن ہم نے گوادر پر کام کر کے پوری دنیا کو بلوچستان کی طرف متوجہ کیا اور اب گوادر کے ذریعے پوری دنیا یہاں آئے گی ۔ سرمایہ کاری کرے گی معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور ترقی بلوچستان سمیت پورے ملک کا مقدر بنے گی ۔انہوں نے بجلی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئے تو ملک میں اندھیروں کا راج تھا لیکن ہماری موثر حکمت عملی کے باعث لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔

10000 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس سے قومی تعمیر میں مدد ملے گی ۔ بھاشا ڈیم سے بھی 4500 میگاواٹ بجلی ملے گی جبکہ کاشتکاروں اور زمینداروں کی ضروریات بھی پوری ہو سکے گی ۔ہائیڈرو پاور پراجیکٹس ہماری ترجیحات میں شامل ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم تھر کے کوئلے کو استعمال کر رہے ہیں اور اس کے استعمال سے نہ صرف بجلی کی وافر مقدار پیدا ہوں گی بلکہ صنعت کو بھی فروغ ملے گا ۔

جس سے تھر سمیت پورے ملک کے عوام بلاتفریق مستفید ہو سکیں گے ۔جن لوگوں نے بجلی کے منصوبوں سے غفلت برتی ان سے پوچھنا چاہئے کہ انہو ں نے ملک کو اندھیروں میں آخر کیوں دھکیلا ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور سستی بجلی پیدا کر کے ترقی کو قوم کا مقدر بنائیں گے۔ دھرنے چھوڑ کر کارکردگی میں ہمارا مقابلہ کریں تاکہ اصلیت کا پتہ چل سکے لیکن یاد رکھیں آپ اپنی روش پر چلنا چاہیں تو ہمیں کوئی پرواہ نہیں آپ دھرنے کرتے رہے ہم ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہیں گے ۔

تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر عمر‘ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ‘ وفاقی وزیر احسن اقبال ‘ سینیٹر مشاہد اللہ خان ‘ اراکین سندھ اسمبلی سمیت سندھ میں مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں اور کور کمانڈر کراچی شاہد بیگ ‘ چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف ڈار اور ایف ڈبلیو او کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے علاوہ کثیر تعداد میں اعلی سول و فوجی حکام اور عوام نے شرکت کی ۔

اس موقع چیئرمین این ایچ اے اور ڈی جی ایف ڈبلیو او نے وزیر اعظم کو شاہراہوں کے جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی ۔دریں اثناء وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کراچی حیدر آباد موٹر وے کے پہلے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کیا اس موقع پر بھی گورنر سندھ محمد زبیر عمر اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت اعلی حکام اور اراکین سندھ اسمبلی سمیت مسلم لیگ(ن) کے راہنما بھی موجود تھے ۔

کراچی حیدر آباد موٹر وے M9 کل 136 کلومیٹر پر مشتمل ہے جو 36 ارب روپے لاگت سے 2018 مارچ میں مکمل ہو گی تاہم 75 کلومیڑٹر کے پہلے سیکشن کا وزیر اعظم نے باقاعدہ افتتاح کیا ۔ 75 کلومیٹر پر مشتمل کراچی حیدر آباد موٹر وے پر چار انٹرچینج ہیں جن پر 5 پل اور 5 ٹراما سینٹر بھی قائم کئے گئے ہیں جو کہ تھر نیشنل پارک ‘ جھمپیر‘ کنجھر جھیل اور تانو احمد خان کو آپس میں ملائیں گے ۔

یہ منصوبہ ستمبر 2015 میں شروع کیا گیا تھا بعدازاں وزیر اعظم محمد نواز شریف گورنر سندھ محمد زبیر عمر اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ مرحوم گورنر سندھ جسٹس(ر) سعیدالزمان صدیقی کے گھر گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ ان کی قوم و ملت کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔قبل ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف جمعہ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو کراچی ایئرپورٹ پر گورنر سندھ محمد زبیر عمر اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا ۔

اس موقع پر غیرسمی ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ کی منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جس پر گورنر سندھ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی طرح گورنر سندھ بھی جوانسال ہیں جو متحرک اور فعال شخصیت ہیں ۔ امید ہے دونوں راہنما مل کر کراچی سمیت سندھ کے عوام کی حالت بدلنے کے لئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ایمانداری کے ساتھ استعمال کریں گے ۔