وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود کے خلاف کرپشن کے دستاویزاتی ثبوت مل گئے

وزیرتعلیم کے خلاف کرپشن انکوائری مکمل،انوسٹی گیشن مکمل ہوتے ہی گرفتار ہوں گے،نیب حکام

ہفتہ 4 فروری 2017 13:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2017ء) نیب نے پنجاب کے وزیرتعلیم رانا مشہود کے خلاف کرپشن کے ناقابل تردید دستاویزاتی ثبوت ملنے کے بعد جلد گرفتار کرنے کا عندیہ دیدیا ہے اور آخری موقع دیتے ہوئے وزیرتعلیم پنجاب کو از خود تحقیقاتی افسران کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی کردی ہے۔خبر رساں ادارے کو نیب کے اعلیٰ حکام نے بتایا ہے کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کے خلاف شروع کی گئی انکوائری مکمل ہوگئی ہے اور اب انکوائری مکمل ہونے کے بعد انوسٹی گیشن میں بدل چکی ہے جس کے بعد کا مرحلہ میں قومی مجرم کو گرفتار کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنا ہوتا ہے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ہوتی ہے،وزیرتعلیم رانا مشہود پر الزام تھا کہ انہوں نے سرکاری اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کے بعد اربوں روپے کے اثاثے بنائے ہیں۔

(جاری ہے)

رانا مشہود ایک ویڈیو میں بھاری رشوت لیتے ہوئے بھی رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔رانا مشہود لاہور سے پنجاب اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے دست راست بھی ہیں۔رانا مشہود پر الزام ہے کہ گزشتہ 5سالہ دور حکومت میں انہوں نے بطور وزیر کھیل بھاری مال بنا رکھا ہے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صوبے کی اہم وزارت تعلیم سے نواز رکھا ہے۔نیب حکام نے بتایا ہے کہ رانا مشہود کی گرفتاری انوسٹی گیشن مکمل ہونے کے فوراً بعد یقینی بنائیں گے