چارسدہ ،تحصیل کچہری تنگی پر دہشتگرد وں کا حملہ،وکیل سمیت 7افراد جاں بحق ، 4پولیس اہلکار وں سمیت 21 زخمی

زخمی ہسپتالوں میں منتقل ‘ بعض افراد کی حالت تشویشناک ‘ ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ‘،پشاور اور چارسدہ کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ خودکش حملہ آوروں نے کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑایا جس کے بعد دیگر دو حملہ آوروں نے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ شروع کردیا ،پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا گیا،ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد صدر ،وزیراعظم ،آرمی چیف ،وزیرداخلہ چوہدری نثار ، عمران خان ، آصف زرداری سمیت دیگر شخصیات کی دہشتگرد حملے کی شدید مذمت جانی نقصان پراظہار افسوس ایسے حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے،حکومت دہشتگرد عناصر کے خلاف جنگ جاری رکھے گی،اللہ کے فضل سے دہشتگردوں کیخلاف ہم کامیاب ہوں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے کو ناکام بنا کر بڑے نقصان سے بچایا وزیراعظم نوازشریف کی حملہ ناکام بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کی تعریف

منگل 21 فروری 2017 17:10

چارسدہ/اسلام آباد /کراچی /پشاور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21 فروری2017ء) چارسدہ کی تحصیل تنگی میںکچہری کے قریب دو دھماکوں کے نتیجے میںوکیل سمیت 7افراد جاں بحق اور 4پولیس اہلکار وں سمیت 21 زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ،پشاور اور چارسدہ کے تما م ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی،صدر ممنون حسین،وزیراعظم نوازشریف،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیرداخلہ چوہدری نثار ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،سابق صدر آصف علی زرداری ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک،گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سمیت دیگر شخصیات نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پراظہار افسوس کیاہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کو چارسدہ کے علاقے تنگی میں سیشن کورٹ پر 3خودکش حملہ آور نے دھاوا بول دیا اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے خودکو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جبکہ دیگر 2خودکش حملہ آورو ںکو پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے مارگرایا۔دھماکے سے قبل حملہ آور وں نے گرینڈ پھینکے اور فائرنگ بھی کی ۔دھماکے کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق اور 21زخمی ہوگئے ۔

واقعے کے بعدقانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ مشیر اطلاعا ت پختونخوا مشتا ق غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھماکے میں 7 افرادشہید اور 21 زخمی ہوئے،پوری قوم دہشت گردی کیخلاف ایک پیج پرہے،ایسی کارروائیوں سے قوم کوخوفزدہ نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پولیس نے دہشتگردوں کوکچہری میں داخل نہیں ہونے دیا۔ڈپٹی کمشنر طاہر ظفر کے مطابق سکیورٹی انتہائی سخت تھی اس کی وجہ سے دہشتگرد سیشن کورٹ کے اندر داخل نہیں ہوسکے اور زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد نے کہا ہے کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے تحصیل تنگی کی کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑایا جس کے بعد دیگر دو حملہ آوروں نے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ شروع کردیا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا گیا ۔

تحریک انصا ف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ مہمند ایجنسی سے حملہ آوروں کے آنے کی اطلاع ہے ، ہم بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہوئے ہیں،ہم کافی عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہیں، خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ایمرجنسی ہروقت نافذ رہتی ہے ،ایف سی اسلام آباد اوردیگرعلاقوں میں ہے ۔ادھر صوبائی وزیر صحت شہرام ترکی کا کہنا ہے کہ پشاور اور چارسدہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔

۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے چارسدہ دھماکوں کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ایسے حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے،حکومت دہشتگرد عناصر کے خلاف جنگ جاری رکھے گی،اللہ کے فضل سے دہشتگردوں کے خلاف ہم کامیاب ہوں گے۔وزیراعظم نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدری اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور حملہ ناکام بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے کو ناکام بنا کر بڑے نقصان سے بچایا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چارسدہ دھماکوں کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کومنہ توڑجواب دینے والے جوان قومی ہیروہیں،دہشتگردوں کاڈٹ کر مقابلہ کرنے پرکے پی کے پولیس کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، بڑے سانحے سے محفوظ رکھنے پراللہ کے شکرگزار ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم محمد نوازشریف،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک،گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق،سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر رہنمائوں نے چارسدہ کچہری دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔