Mumtahun Ka Paan - Article No. 698

ممتحن کا پان - تحریر نمبر 698

میجر ریٹائرڈ‌غلام مصطفی خان

ریل کے سفر میں اگر کوئی ہم مذاق مل جائے تو تمام راہ مزے سے کٹ جاتی ہے ۔ گو بعض لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں کہ انہیں کوئی بھی مل جائے تو وہ اس کے ساتھ وقت گزاری کر لیتے ہیں ، مگر جناب میں غیر جنس سے بہت گھبراتا ہوں اور خصوصاً جب وہ پان کھاتا ہو اب تو نہیں لیکن پہلے میرا یہ حال تھا کہ پان کھانے والے مسافر سے لڑائی تک لڑنے کو تیار ہو جاتا تھا ۔ اگر جیت گیا تو خیر ورنہ شکست کی صورت میں خود وہاں سے ہٹ جاتا تھا ۔
میں ایک بڑے ضروری کام سے دہلی سے آگرہ جا رہا تھا ۔ خوش قسمتی سے ایک بہت دلچسپ ساتھی غازی آباد سے مل گئے ۔ یہ ایک ہندو بیرسٹر کے لڑکے تھے اور ایم ایس سی میں پڑھتے تھے خورجہ کے اسٹیشن پر ایک صاحب اور وارد ہوئے یہ بھی ہم عمر ہونے کی وجہ سے ہماری ہی بنچ پر آئے اور بھی بہت سے لوگ آگئے اور منجملہ ان لوگوں کے میں نے نہایت بے کلی سے دیکھا ۔

(جاری ہے)

ان میں ایک صاحب پان کھانے والے ہیں ۔

ان حضرت نے ہماری ہی طرف رخ کیا اور ادھر میں گھبرایا ۔ انہوں نے میری بنچ پر بیٹھنے کی نیت سے قلی سے اسباب میری طرف رکھوانا چاہا۔ آپ اس طرف نہایت آرام سے بیٹھ سکتے ہیں “ ۔ میں نے ایک کھچا کھچ اسباب اور مسافروں سے بھری ہوئی بنچ کی طرف اشارہ کر کے کہا ۔ انہوں نے شاید اس کو بدتمیزی خیال کر کے برا مانتے ہوئے کہا ۔ ” جناب خود تکلیف کریں “ ” یہ جگہ گھری ہوئی ہے “ میں نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے کج خلقی سے کہا مگر وہ اتنے میں اسباب رکھوا کر بیٹھ بھی چکے تھے ۔
میری طرف انہوں نے غور سے دیکھا … میں ان کی طرف نفرت نہیں بلکہ غصہ سے دیکھ رہا تھا کیونکہ مجھے پان کھانے والے سے اتنی نفرت نہیں ہوتی جتنا کہ اس پر غصہ آتا تھا ( اب بالکل نہیں آتا) یہ حضرت فاختی رنگ کی شیروانی پہنے ہوئے تھے ترکی ٹوپی تھی شاید چالیس یا پینتالیس برس کی عمر تھی کپڑے صاف ستھرے اور پاکیزہ تھے ۔ ریل چلی تو میں اس فکر میں تھا کہ اب ضرور یہ اپنی ڈبیہ میں سے نکال کر پان کھائیں گے ۔
کیونکہ ان کی منھ کی رفتار سے ایسا معلوم ہورہا تھا جیسے پان اب ختم ہونے والا ہے اتنے میں میری نظر ان کے ہینڈ بیگ پر پڑی ۔ جس سے میں نے فوراً معلوم کر لیا کہ یہ حضرت کسی بیرسٹر صاحب کے منشی ہیں کیونکہ اس پر لکھا تھا ” ٹی ایچ بار ایٹ لاء“ میں اب نہ بداخلاق یا کج خلق ہوں اور نہ پہلے کبھی تھا مگر پان کھانے والے مسافروں سے مجھے چونکہ بغض تھا ۔
لہذا میں اب سوچ رہا تھا کہ ان کو یہاں سے کس طرح ہٹاؤں مگر تھوڑی ہی دیر میں اپنے دونوں ساتھیوں سے باتوں میں مشغول ہو گیا زیادہ دیر باتیں کرتے نہ گزری تھی کہ کھٹکا ہوا سگریٹ کیس کے کھٹکے اور پان کی ڈبیا کے کھٹکے میں زمین آسمان کا فر ق ہے ۔ حالانکہ ان کی طرف میری پشت تھی مگر میں جان گیا اور پان کی ڈبیا کا گیلا گیلا سرخ کپڑ ا میری نظر کے سامنے بغیر دیکھے ہی آگیا۔
مڑ کر دیکھا تو ان کے ہاتھ میں پان کا ایک ٹکڑا ہے ۔ اخلاقاً انہوں نے میرے سامنے پیش کیا ۔ یہ گویا تازیانہ ہو گیا ۔ میں نے جل کر کہا مجھے اس حماقت سے معاف کیجئے “۔میں نے دیکھا کہ اس جملہ نے کیا کام کیا ۔ مگر انہوں نے سوائے ایک سر کی جنبش کے زبان سے کچھ نہ کہا نہ تو میں شرمندہ تھا اور نہ مجھ کو افسوس تھا تھوڑی دیر بھی نہ گزری تھی کہ انہوں نے کھڑکی کے باہر سر ڈال کر تھوکا ۔
میں نے مر کر برجستہ کہا قبلہ اگر یہ دھندا کرنا ہے تو براہ کرم دوسری جگہ تلاش کیجئے ۔ ” کیا فرمایا جناب نے ؟“ ’ ’میں نے یہ فرمایا کہ جناب یہ لال پچکاریاں کسی دوسری جگہ چھوڑیں “۔ انہوں نے نہایت ضبط سے کام لیتے ہوئے کہا ” معاف کیجئے گا میں اس قسم کی گفتگو کا عادی نہیں “۔ ” اگر جناب ایسی گفتگو کے عادی نہیں تو میں بھی اس کا عادی نہیں ، کہ میرے پاس بیٹھ کر گندگی پھیلائیں …“ ” جناب آپ ذرا “ ” لاحول ولاقوة‘ ‘ میں نے بھی بات کاٹتے ہوئے کہا : ” ذرا غور تو کیجئے کہ بکری کی طرح پتے چبانا … قسم خدا کی “ ۔
میں نے اپنے ساتھی کو مخاطب کرکے کہا ۔ ” یہ چھالیا بھی خوب ہے ! گویا ایندھن یا لکڑی چبا رہے ہیں “ ۔ ناری غصہ کے ان حضرات کا منھ لال ہو گیا مگر نہایت ہی تحمل سے انہوں نے بالکل خاموش ہو کر میری طرف سے منھ موڑ لیا اور سنی ان سنی ایک کر دی ۔ ” آپ کو یہ نہیں چاہے تھا “ میرے ساتھی نے میری بداخلاقی کو دیکھتے ہوئے کہا ” میں نہیں کہہ سکتا کہ مجھ کو پان سے کتنی نفرت ہے “۔
ہمارے نئے ساتھی جو غازی آباد سے بیٹھے تھے عجب کہ کلاس فیلو نکلے ۔ انہوں نے بھی ایل ایل بی فائنل کا امتحان علی گڑھ سے دیا تھا اور میں نے بھی دیا تھا ایک دوسرے کو قطعی نہ جانتے تھے کیونکہ جماعت میں پونے دو سو لڑکے تھے اور رات کو لیکچر ہوتے تھے ۔ اتفاق کی بات نظر ایک دوسرے پر نہ پڑتی تھی یا اگر کبھی پڑی ہو گی تو خیال نہ رہا ہوگا دوسرے صاحب کو اس پر تعجب ہوا امتحان کا نتیجہ ابھی شائع نہ ہوا تھا۔
صرف پچیس دن امتحان کو گزارے تھے ۔ لامحالہ امتحان کا ذکر ہونے لگا ان کے سب پرچے اچھے ہوئے تھے اور میرے بھی سب پرچے اچھے ہوئے تھے گزشتہ سال وہ سکینڈ ڈویثرن میں پاس ہوئے تھے اور میں فرسٹ ڈویثرن میں پاس ہوا تھا اپنے پاس ہونے کا مجھ کو قطعی یقین تھا اور وہ حضرت کہنے لگے کہ ” جناب ! سکینڈڈویثرن تو آپ کی کہیں گئی ہی نہیں …“ یہ جملہ میرے لیے کس قدر خوشگوار تھا ؟ دل سے خدا کا شکر ادا کر رہا تھا کہ تعلیم کی آخری منزل بھی ختم ہوئی کیونکہ مجھ کو اپنے پاس ہونے کا قطعی یقین تھا ۔
جس میں شبہ تک کی گنجائش نہ تھی ۔ تاوقتیکہ کوئی غیر معمولی واقعہ رجسٹر ار یونیورسٹی کے دفتر میں پیش نہ آجائے ہر پرچہ کا ذکر کیا گیا اور ہر پرچہ میں کتنے نمبر ملنے کی امید تھی ۔ اس کا اندازہ لگایا گیا اور کم از کم جو اندازہ لگایا وہ یہ تھا کہ سیکنڈ ڈویثرن تو کہیں گئی نہیں ہے ۔ کسی جگہ وکالت شروع کی جائے گی کچھ اس پر بحث ہوتی رہی پھر وکالت نہ چلنے کے امکان پر گفتگو اس پہلوسے کی گئی کہ دونوں طرف سے اس کی خوب تردید ہوئی ۔
علی گڑھ کا اسٹیشن آیا اور وہ صاحب جو خورجہ سے بیٹھے تھے اترگئے اترتے وقت ہم نے ایک دوسرے کے رول نمبر مع نام و پتہ لکھ لئے اور خط و کتابت کا وعدہ بھی کیا … ( ابھی تک نہ انہوں نے مجھے خط لکھا اور نہ میں نے انہیں) علی گڑھ سے گاڑی چلی ۔ ایک بات میں نے عجیب نوٹ کی اب تک تو وہ پان کھانے والے حضرت کچھ رنجیدہ اور کبیدہ تھے مگر اب وہ میری طرف بڑی دیر سے دیکھ رہے تھے ۔
ان کے چہرے سے تمام غصہ رفو چکر ہو چکا تھا شاید وہ صاف دل تھے اور میری بداخلاقی کو بھول گئے ۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا ” آپ نے امسال ایل ایل بی فائنل کا امتحان دیا ہے ؟“ یہ کہتے ہوئے ڈبیا کھولی اور میں نے بمشکل ” جی ہاں “ کہا تھا انہو ں نے ایک پان مجھے پھر پیش کیا ۔ مسکراتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ ” آپ کو پان سے نفرت ہے مگر آپ اس کو کھا کر دیکھیں“۔
میں نے ان کی طرف دیکھا … کیا یہ ممکن تھا کہ وہ تمام سنجیدگی کو رخصت کرکے مجھ کو چڑارہے تھے تا کہ بدلہ لیں … قطعی یہی ہے … یہ خیال کرتے ہی مجھ کو سخت غصہ آیا … ان کے چہرے سے واقعی یہ ظاہر ہوتا تھا ، کیونکہ ان کے چہرے پر ایک شرارت آمیز تبسم تھا ۔ انہوں نے پان اور آگے بڑھایا اور میں نے اس کا جواب یہ بہتر سمجھا کہ تسلیم کرکے ان سے لے کر کھڑکی میں سے باہر پھینک دیا ۔
مجھے یقین ہوا کہ میں کامیاب رہا ۔ مگر وہ حضرت بجائے خفا ہونے کے اب شاید مجھے تختہ مشق بنانے پر تلے ہوئے تھے ۔ دوسرا پان پیش کرکے بولے ” اگر اب اس کو بھی آپ نے پھینک دیا تو عمر بھر پچھتانا پڑے گا “ ۔ میں بدتمیزو بدگو ، یا زبان دراز نہیں مگر منھ سے کچھ سخت جملہ نکلتے نکتے رہ گیا ۔ لیکن پھر بھی بجائے ان کے برا کہنے کے پان کی مذمت کرنے لگا اور بہ وجہ پان کی گندہ ہونے کے اس کے چھونے سے مجبوری ظاہر کی ۔
” معاف کیجئے گا “ انہوں نے پان کھا کر کہا ” آپ میں تہذیب نہیں ہے “ ۔ یہ الفاظ انہوں نے رویہ بدل کر کچھ سنجیدگی سے کہے میں نے کہا ” جی ہاں آپ صحیح فرماتے ہیں لیکن مجھ کو اس پر فخر ہے کہ پان کھانے والوں کی بدتہذیبی کا جواب بدتہذیبی سے دوں “ ۔ ” ماشا ء اللہ “ یہ کہہ کر وہ اٹھے ا ور اپنا سوٹ کیس کھولنے لگے میں اپنے ساتھی سے جو غازی آباد میرے ساتھ بیٹھے تھے ۔
باتیں کرنے لگا کہ اتنے میں انہوں نے میر ا بازو پکڑ کر اپنی طرف متوجہ کرکے ایک کاپی میرے سامنے کرکے کہا ” آپ اس خط کو پہنچانتے ہیں “ ؟ میں کچھ سٹ پٹا سا گیا ، اور کچھ عقل نے کام نہ کیا ۔ میں نے ان حضرت کے چہرے کی طرف دیکھا جو میرے سٹ پٹا جانے سے لطف اندوز ہو رہے تھے … میں علاوہ گھبرانے کے سخت خفیف سا ہو رہا تھا… یہ واقعہ تھا کہ میرے سامنے محمڈن لا ( قانون محمدی ) کے امتحان کی کاپی تھی ۔
اس پر سرخ رنگ سے نمبر اس طرح دیئے ہوئے تھے 10+25گویا میں نے سو نمبروں میں سے پچھتر نمبر پائے تھے نمبروں کو دیکھ کر کچھ خوشی سی ہوئی تھی کہ وہ بولے آپ نے پرچہ بہت اچھا کیا تھا اور آپ نے 25نمبر حاصل کئے تھے لیکن چونکہ آپ نے علاوہ قانون کے حوالہ کے تمام ان احادیث کا بھی حوالہ دیا تھا جن پر قانون کی دفعات اور سوالات اور جوابات کا دارومدارتھا ، لہذا میں نے آپ کو دس نمبر اور دئے تھے ، لیکن اب مجھ کو معلوم ہوا کہ آپ اسلامی قانون تو بڑی چیز ہے ، اسلامی تہذیب سے بھی ناواقف ہیں ۔
لہذا میری دانست میں تو آپ کو کل 10نمبر سے زائد نہ ملنا چائیں ۔ یہ کہہ کر انہوں نے میرے اور میرے ساتھی کے سامنے سرخ پنسل جیب سے نکال کر 25 نمبر کو سرخی سے کاٹ دیا اور اپنے وہاں دستخط بھی کر دئے ۔ اب مجھ کو حروف ” ٹی ایچ “ کے معنی بھی معلوم ہو گئے تھے، جو میں نے ان کے ہینڈ بیگ پر دیکھے تھے ! یہ حضرت میرے ممتحن تھے ! … میری حالت جو تھی وہ تھی ، مگر میرے ساتھی جو خود طالب علم تھے سخت متعجب اور متاثر تھے ۔
دراصل ہم دونوں ہی ہکا بکا تھے ۔ میری کاپی وہ اطمینان سے اپنے سوٹ کیس میں رکھتے ہوئے بولے کم از کم تین سال تک تو آپ پاس ہونے کا خیال ہی ترک فرما دیں کیونکہ میں ممتحن ضرور ہوں گا اور آپ کو فیل کروں گا کیونہ میرا خیال ہے کہ ایک بدتہذیب شخص اس سے کم عرصہ میں تہذیب نہیں سیکھ سکتا “۔ میں ا س کا جواب سختی سے بلا کیسے دیتا میرے تو ہوش ہی بجانہ تھے وہ غیر متعلق وہ کر اپنا چہرہ اخبار سے چھپائے ہوئے دوسری بنچ پر جا بیٹھے تھوڑی دیر بعد جب ذرا دل کی دھڑکن کم ہوئی تو میرے ساتھی نے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر گفتگو کرنا شروع کی ۔
خوشامد کا تو خیال ہی انہیں کیا تھا ۔ کہنے لگ کہ میں گواہ ہوں آپ ان پر دعویٰ کر دیجئے گا “ شاید انہوں نے یہ سن لیا جو اخبار پھینک کر بولے ” شاید آپ دونوں صاحبوں سے قانون میں زیادہ جانتا ہوں جناب من اگر یہ ممکن ہوتا تو ہر ممتحن پر طالب علم ایک گواہ تلاش کرکے مقدمہ دائر کر دیتے خواہ واقعہ ہو یا نہ ہو ۔میں آپ دونوں صاحبان کو یقین دلاتا ہوں کہ میرا فیصلہ اٹل ہے آپ شوق سے دعوی کریں“۔
میں تو چپ تھا ۔ مگر میرے ساتھی نے ان سے بحث کرنا شروع کی ۔ مگر تھوڑی دیر میں مجبوراً مجھے ان کا منھ بند کرنا پڑا کیونکہ ممتحن صاحب غصہ ہوئے جاتے تھے تھوڑی دیر کی خاموشی کے بعد میرے ہمدرد ساتھی ممتحن صاحب کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور نرمی کی تلقین کر رہے تھے میں چپ بیٹھا دعا مانگ رہا تھا کہ خدا کرے یہ راضی ہو جائیں مگر توبہ کیجئے۔
…” … میری جان مت کھایئے “ ۔ یہ کہہ کر وہ اخبار پڑھنے میں مشغول ہو گئے ۔ ہاتھرس کا اسٹیشن قریب آرہا تھا اور میرے ساتھی اترنے والے تھے ۔ ممتحن صاحب اپنی پان کی ڈبیا لینے اٹھے انہوں نے ڈبیا کھول کر ایک پان نکالا اور میرے سامنے پیش کیا میرا دل تیزی سے دھڑکنے لگا میں نے معصومیت سے رنجیدہ صورت بنائے ہوئے ان کی طرف دیکھا ۔ میرا ہاتھ خود بخود بڑھ گیا … آپ یقین کریں کہ میں پان کھا رہا تھا ! ” چھالیہ تو لیجئے ! ممتحن صاحب نے بٹوا سامنے کرتے ہوئے کہا کیونکہ میں بغیر چھالیہ کے پان کھا رہا تھا اور وہ قریب الختم تھا انکار کرتے ڈر لگا لہذا لے کر منھ میں ڈال لی ۔
وہ اپنی جگہ پھر جا بیٹھے اور یہاں چھالیا ایسی معلوم ہو رہی تھی جیسے منھ کو کوئی چھیل رہا ہے ۔ حالانکہ ممتحن صاحب میری طرف دیکھ نہیں رہے تھے مگر پھر بھی میں نے تھوکنا مناسب نہیں سمجھا کہ کہیں دیکھ نہ لیں ۔ چونکہ قطعی عادت نہ تھی مجھے چالیہ مصیبت معلوم ہونے لگی لیکن میں نے چبا چبا کر اس کو سرمہ کر ڈالا ۔ پان کھانے کے قوائد کی رو سے اس منزل پر پہنچ کر پان کھانے والا تھوک سکتا ہے مگر مجھ کو شاید معلوم نہ تھا ۔
گود یکھا تو تھا کہ لوگ اگال کر تھوک دیتے ہیں ۔ تھوڑی دیر میں چھالیہ کا پھوک رہ گیا ۔ چوں کہ ضرورت سے زیادہ کھالی تھی لہذا اتنی مقدار نگل بھی نہ سکتا تھا بڑی دیر تک منھ میں پھرا تا رہا پھر تھوکنے کے لیے بیت الخلا کو بہتر سمجھاتا کہ ممتحن صاحب نہ دیکھ سکیں وہاں جو چھالیا تھوک کر نکلا تو ممتحن صاحب کچھ تحکمانہ لہجہ میں بولے ” کیا آپ نے پان تھوک دیا ؟“ میں سن سے ہو گیا اور جھوٹ بولا ” جی نہیں ! “ مگر نہایت ہی مردہ آواز سے کہا اس دوران میرے ساتھی گو ایم ایس سی کے طالب علم تھے ، مگر میرے چہرے کو فلسفیانہ انداز سے دیکھ رہے تھے میرا چہرہ واقعی ہو گا بھی اسی لائق کیونکہ خفت حماقت ، رنج ، تکلف وغیرہ وغیرہ علاوہ گھبراہٹ اور پریشانی کے ضرور میرے چہرہ سے عیاں ہو رہی ہوگی ہاتھرس کا اسٹیشن آیا اور وہ اتر گئے ۔
میرے ساتھی کے چلے جانے کے بعد اب میں نہ معلوم کن کن خیالات میں غرق تھا … خوشامد کرو … کبھی کی نہیں بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ آتی ہی نہیں … مگر ہاتھ جو ڑنے سے کام بن جائے گا ! اگر مانیں تو قدموں پر سر رکھ دینا چاہیے ۔ پھر خیال آیا ، لاحول ولاقوة آئندہ سال دیکھا جائے گا ورنہ پھر نوکری کر لیں گے ایسی خوشامد سے تو موت بہتر ہے ۔ ٹونڈلہ کا اسٹیشن آیا ، میں آگرہ جا رہا تھا ، کیونکہ سخت ضروری کام تھا ۔
میں چونک سا پڑا … اب کیا کروں ؟ یہ سوال تھا واللہ اعلم ممتحن صاحب کہاں جا رہے ہیں ۔خیر کم از کم کانپور کا تو ٹکٹ لے لینا چاہیے چنانچہ یہی کیا ٹکٹ لے کر واپس آیا تو ممتحن صاحب بیٹھے ہوئے ایک صاحب سے باتیں کر رہے تھے ۔ شاید ان کے ملاقاتی ہیں میں نے دل میں کہا میں بیٹھ گیا ۔ ممتحن صاحب نے پان کی ڈبیہ نکالی … میں گھبرایا مگر مجبوری ۔ انہوں نے پیش کیا ور مجھے خوش ہو کر کھانا پڑا ۔
” کیوں جناب ، پان بھی خوب چیز ہے ۔ ممتحن صاحب نے اپنے دوست سے کہا ۔ انہوں نے جواب دیا ” جی ہاں ، مجھے تو بغیر پان کے سفر دو بھر ہو جاتا ہے ۔ ” یہی میرا حال ہے “ ممتحن صاحب بولے اور پھر میری طرف مخاطب ہو کر پوچھا ” کیوں جناب آپ کی کیا رائے ہے؟“ میری حالت کا اندازہ لگانا آسان ہے ممتحن صاحب کے چہرے سے فتح کی مسرت عیاں تھی میں بت کی طرح شکست خوردہ تھا گلا صاف کرکے کہا جی ہاں ! “۔
” او ہو آپ تو پان بڑی تیزی سے کھاتے ہیں ختم ہو گیا اور لیجئے “ بیرسٹر صاحب نے کہا ۔ حالانکہ ختم نہ ہوا تھا مگر کیسے کہ ختم نہیں ہوا اور دوسرا نہیں لوں گا لیا اور کھایا میں خاموش تھا اور ایک گونہ خوشی تھی کہ بیرسٹر صاحب اپنے دوست سے باتیں کرنے میں مشغول ہیں تھوڑی دیر تک باتیں کرتے رہے میں سنتا رہا مجھے یہ بھی معلوم ہو گیا کہ اب مجھے کہاں جانا ہے ۔
اتنے میں بیرسٹر صاحب نے شاید میری مصیبت کا اندازہ لگا لیا اور شش و پنج میں پا کر کہا ” تھوک دیجئے“ آپ تو چھالیا کھا رہے ہیں“ میں نے تھوک کر خلاصی پائی شکر ہے کہ انہوں نے پان نہیں دیا۔ کانپور کے اسٹیشن پر میں نے بیرسٹر صاحب کی خدمت میں التجاکی وہ کیا التجا تھی میں خود نہیں کہہ سکتا کیونکہ نہ میں نے کچھ کہا اور نہ وہ سن سکے مجبوراً انہوں نے کہا ” فرمایئے … کیا کہتے ہیں … “۔
بقول کسے یہاں صورت سوال تھی ۔ بڑی مشکل سے میں نے کہا میری زندگی تباہ ہو جائے گی … میں کہیں کا نہ رہوں گا وغیرہ وغیرہ … ان باتوں کا مختصر جواب یہ تھا معاف کیجئے میں ایک مرتبہ کوئی کام کر چکتا ہوں تو مشکل سے رائے تبدیل کر سکتا ہوں … یہ کہہ کر انہوں نے لکھنو والی گاڑی کا رخ کیا میں نے بھی دل میں کہا کہ نہ چھوڑوں گا ۔ میں نے بیرسٹر صاحب کو چھوڑنا تھا نہ چھوڑا خدا کی پناہ ضلع جونپور کے ایک غیر معروف گاؤں میں جانا تھا راستے میں نہ میں نے ایک لفظ بیرسٹر صاحب سے کہا اور نہ انہوں نے میں بالکل بے تعلق دور بیٹھا تھا ۔
نہ انہوں نے پان دیا اور نہ بات کی ۔ اتنا ضرور تھا کہ وہ مجھے کبھی کبھی غور سے ضرور دیکھ لیتے تھے ۔ ضلع جونپور کے ایک غیر معروف ریلوے اسٹیشن پر شاید بیرسٹر صاحب اور میں یہ دو ہی اترنے والے تھے ۔ بیرسٹر صاحب نے شاید مجھ کو عمداً دیکھا تک نہیں ۔ ایک چھوٹی سی بیلوں کی گاڑی پر ان کا مختصر اسباب رکھ دیا گیا اور میں نے دیکھا کہ گردو غبار میں بیل تیزی سے جا رہے ہیں دن کے دس بجے ہوں گے ناشتہ نہ میں نے کیا تھا اور نہ بھوک ہی تھی گاڑی کو دیر تک کھڑا دیکھتا رہا کہ ایک دم سے چونک پڑا ۔
میں نے یہ بھی نہ معلوم کیا تھا کہ وہ کون سا گاؤں ہے جہاں بیرِسٹر صاحب گئے ہیں مگر ایک دہقانی نے ازراہ عنایت مجھے یہ پتہ دے دیا کہ فلاں فلاں گاؤں کے زمیندار صاحب کی گاڑی تھی میں نے مزدور تلاش کیا اور اس کے سر پر اسباب لدوا کر چل دیا ۔شام کے چار بجے میں اس گاؤں میں پہنچا ۔ زمیندار صاحب کا پتہ لگنا کیا مشکل تھا ۔ تھوڑی ہی دیر میں ان کے عالی شان قلعہ کے باہر کھڑا سوچ رہا تھا کہ اب کیا کروں مزدور کے ساتھ اسباب باہر چھوڑ اور اندر داخل ہوا سامنے چبوترے پر بیرسٹر صاحب پنکھے کے نیچے لیٹے ہوئے تھے دو آدمی اور بھی کرسیوں پر لیٹے تھے کچھ باتیں ہو رہی تھیں کچھ ٹھٹکا مگر آگے بڑھا اور جیسے نوارد پہنچا بیرسٹر صاحب نے سلام کیا جواب دیا اٹھ کھڑے ہوئے خندہ پیشانی سے ملے دریافت کیا کہ اسباب کہاں ہے نوکر سے اسباب منگایا ۔
ایک کمرے کی طرف اشارہ کرکے بتایا کہ جا کر غسل کر لیجئے اور کپڑے اتاریئے ۔ میں بھی بے تکلفی سے سیدھا چلا گیا نہا دھو کر نکلا تو کمرے ہی میں دودھ کا دیہاتی مقدار میں شربت موجود تھا ۔ بیرسٹر صاحب نے صورت سے معلوم کر لیا ہوگا کہ بھوکا ہے کمرے سے نکل کر باہر آبیٹھا بیرسٹر صاحب نے پان پیش کیا جو کھانا پڑا ۔ میں بالکل ہی خاموش بیٹھا رہا ۔
حتیٰ کہ دونوں آدمی اٹھ کر چلے گئے ۔ مگر قبل اس کے کہ وہ جائیں مجھ کو بیرسٹر صاحب چار پان کھلا چکے تھے ۔ وہ شاید غور سے دیھکتے رہتے تھے اور پان ختم ہوتے ہی مجھے دوسرا پان دے دیتے تھے ۔ تھوڑی دیر بعد آپ سے کیا کہوں کہ پان کھاتے کھاتے میرا کیا حال ہو گیا ۔ دو تین پانوں تک تو اس کا احساس بھی رہا کہ چونہ منھ میں لگ رہا ہے مگر شام تک تو منھ کی حالت ہی اور ہو گئی ۔
یہ بیرسٹر صاحب کی سسرال تھی ، اور شام کو اس کے خسر صاحب نکلے میرا تعارف کرایا گیا کہ میں ایک کرم فرما ہوں اور خوبیوں کا مجموعہ ہوں رات کے آٹھ بجے تک داماد اور خسر اور کرم فرما بیٹھے باتیں کرتے رہے مگر جو حال کرم فرم کا پان کھاتے ہو گیا اس کو خدا ہی بہتر جانتا ہے کھانا کھایا گیا تو میرا منھ نہ چلتا تھا، کیونکہ پانوں نے سارا منھ اندر سے زخمی کر دیا اور اس پر چھالیا گویا نمک پاشی کرتی تھی۔
” پان بھی خوب چیز ہے “ ۔ بیرسٹر نے کھانا کھانے کے بعد مجھے پان پیش کرتے ہوئے کہا ۔ ” جواب نہیں رکھتا “ ۔ مجھے کہنا پڑا ۔ ” کھانے کو ہضم کرتا ہے اور منھ کی گندگی کو دور کر تا ہے او رمفرح ہے بیر سٹر صاحب نے کہا ۔ ” مفرح بھی ہے “ میں نے ازراہ تعجب کہا ۔ ” بہت عمدہ چیز ہے “ خسر صاحب بولے ” لیکن اعتدال کے ساتھ “ ۔ صبح کو مجھے موقع ملا کہ خسر صاحب سے اپنی مصیبت کا حال بیان کروں صرف میں اور وہی تھے اور بہترین موقع تھا کیونکہ انہوں نے خود بخود بہ سلسلہ گفتگو میری آئندہ زندگی کے بارے میں سوالات کئے تھے ۔
انہوں نے میری داستان تعجب سے سنی لیکن ہنسے بھی اور مجھ سے وعدہ سفارش کیا اتنے میں بیرسٹر صاحب بھی آگئے ۔ میں نہیں بیان کرنا چاہتا کہ کیا گفتگو ہوئی اور کیا ہوا ۔ قصہ مختصر ، یہ طے ہوا کہ میں چار دن اور ٹھہروں اور رات دن پان کھاؤں بمصداق ایں ہم اندر عاشقی بالائے غمہائے دگر ان چار دنوں میں کیا بتاؤں کہ کتنے پان کھانے پڑے منھ کا برا حال تھا مگر پان پر پان کھاتا تھا اوراف نہ کرتا تھا چلتے وقت بیرسٹر صاحب نے کہا کہ ” میرا پان اب آپ کبھی نہ بھولیں گے اور بے شک حالانکہ سال بھر سے زائد گزر گیا مگر ہنوز یاد تازہ ہے ، جو شاید کبھی نہ بھولے نتیجہ اب خوب پان کھاتا ہوں !

Browse More Urdu Adab