Schools in Punjab to have tablets for replacing books

Schools In Punjab To Have Tablets For Replacing Books

بچے کتابوں کو بھول جائیں۔ اب ذریعہ تعلیم ہوگا ٹیبلٹ

صوبے میں اعلیٰ معیار تعلیم کے لیے پنجاب حکومت ایک نئے نظام تعلیم کو متعارف کرا رہی ہے۔ اس میں طلباء کو بھاری بستے اور کتابیں اٹھانے کی بجائے سارا تعلیمی مواد ایک ٹیبلٹ میں دستیاب ہوگا۔
ای لرن پراگرام کے پہلے حصے میں رواں مالی سال میں صوبے کے 20 ہزار سکولوں میں ڈیجیٹل مواد کے ساتھ جدید ترین ٹیبلٹ فراہم کیے جائیں گے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اس سارے پراجیکٹ میں پنجاب حکومت کی معاونت کرے گا۔

پی آئی ٹی بی کی زیر نگرانی ماہر اساتذہ اور 150 طلبا، جو انٹرن شپ پروگرام کے تحت منتخب کیے گئے ہیں،تعلیمی مواد کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں منتقل کریں گے۔
پروگرام منیجر کاشف فاروق کے مطابق انہوں نے محکمہ تعلیم کے اشتراک سے کتابوں کے مواد کو دوبارہ لکھا ۔

(جاری ہے)

اس سارے عمل میں انہیں 15 ہزار غلطیاں بھی ملیں۔ ان غلطیوں کو ڈیجیٹل فارمیٹ اور اور کتابوں کے آئندہ ایڈیشنوں میں درست کر دیا جائے گا۔


طلبا کے لیے جو تعلیمی مواد تیار کیا جا رہا ہے اس میں 2ڈی اور 3ڈی ویڈیوز بھی شامل ہیں جن سے طلباء کو پڑھنے میں کافی آسانی ہوگی ۔پی آئی ٹی بی تمام ڈیجیٹل ڈیٹا ایک مرکزی کمپیوٹر میں اور سکولوں میں قائم لیب کے کمپیوٹر میں رکھے گا ، جس سے ڈیٹا تک آن لائن اور آف لائن رسائی بہت آسان ہوگی۔
پی آئی ٹی بی نے ان جدید ترین ٹیبلٹ سے تعلیم دینے کے لیے صوبے کے 50 ہزار اساتذہ کو بھی تربیت دی ہے۔
ان اساتذہ کو ایک مخصوص ٹیبلٹ دیا جائے گا جس میں ایک پراجیکٹر بھی ہو گا۔ اس پراجیکٹر سے دیوار یا کسی بھی سطح پر 50 انچ تک کے ڈسپلے پر طلباء کو تعلیم دی جا سکے گی۔
ان ٹیبلٹ کی تیاری کے لیے حکومت مختلف کمپینوں سے رابطے میں ہے جو ایسے پراجیکٹر والے واٹرپروف اور “جھٹکا” پروف ٹیبلٹ تیار کر سکے ۔
پہلے مرحلے پر یہ ٹیبلٹ چھٹی سے دسویں کلاس تک کے طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر دئیے جائیں گے۔پنجاب حکومت اس سے پہلے بھی لیپ ٹاپ ڈسٹری بیوشن سکیم متعارف کرا چکی ہے۔ ٹیبلٹ کے ذریعے تعلیم دینا لیپ ٹاپ ڈسٹری بیوشن سے بھی بڑا منصوبہ ہے۔ حکومت کا اراد ہ ہے کہ جلد ہی اس منصوبے کو کالج کی سطح تک پھیلایا جائے۔

تاریخ اشاعت: 2015-02-26

More Technology Articles