Ahl Ko Talash Kru - Article No. 1491

Ahl Ko Talash Kru

اہل کو تلاش کرو - تحریر نمبر 1491

حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ ایک بادشاہ اپنے لشکر کے ہمراہ سفر میں تھا۔ ایک رات جب اس لشکر نے پڑاؤ کی

جمعرات 14 ستمبر 2017

اہل کو تلاش کرو:
حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ ایک بادشاہ اپنے لشکر کے ہمراہ سفر میں تھا۔ ایک رات جب اس لشکر نے پڑاؤ کیا تو اس بادشاہ کے بیٹے کے تاج میں سے ایک لعل گرگیا۔ بادشاہ کو جب لعل کی گمشدگی کے متعلق علم ہوا تو اس نے بیٹے کا بلا کر کہا کہ تو اس وقت تک اپنے لعل کو تلاش نہیں کرسکے گا جب تک تو ایک ایک پتھر کو خوب توجہ سے نہ دیکھ لے گا۔

اے بیٹے ! آوارہ بدچلن لوگوں میں نیک لوگ ایسے ہوتے ہیں جس طرح پتھروں میں لعل۔ لعل کو پتھرپرکھنے اور جانچنے کے بعد ہی تلاش کیا جاسکتا ہے۔ تم اپنی دانست میں جسے حقیر جانتے ہو ہوسکتا ہے کہ وہ اللہ عزوجل کی نگاہ میں تمہارے سے زیادہ معزز وبلند مرتبہ ہو۔ اے بیٹے۔! بہت سے مصیبت میں مبتلا لوگ ایسے ہوتے ہیں جو دنیا والوں کی تکالیف برداشت کرتے ہیں مگر وہ جنت میں لباس فاخرہ زیب تن کئے ہوئے ہوں گے۔

(جاری ہے)

پس اگر تو عقل رکھتا ہے تو اس کا بھی ادب کر جو قید خانے میں قید ہے کہ ہوسکتا ہے کہ کل کو یہ کسی منصب پر فائز ہو۔ اگر تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا تو تو بھی اس کی مہربانیوں کا مستحق ہوجائے گا۔
مقصود بیان:حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ اس حکایت میں بیان کرتے ہیں کہ اہل کو تلاش کرو کہ ان کا تعلق بھی ہم میں سے ہی ہے۔ اپنے سے کسی کم تر کو حقیر نہ جانو کہ ہوسکتا ہے کہ وہ اللہ عزوجل کی نظر میں تمہارے سے زیادہ متقی اور پرہیز گا ر ہو۔ وہ مستحاب الدعوات ہو اور تم اس کے ساتھ کچھ زیادتی کرو جس کے باعث تم عذاب کے مستحق ہوجاؤ۔ اللہ عزوجل کے اولیاء گوہم سے پوشیدہ رہتے ہیں مگر وہ ہم میں ہی موجود ہیں پس تم دیکھنے والی آنکھ طلب کیا کرو تاکہ تم انہیں پہچان سکو۔

Browse More Urdu Literature Articles