Jawan Murd Sakhawat Bais Jeet Gaye - Article No. 1453

Jawan Murd Sakhawat Bais Jeet Gaye

جوانمرد سخاوت کے باعث جیت گئے: - تحریر نمبر 1453

حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے ملک شام میں ایک درویش کاذکر سناتو میں اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ اس کی زیارت کے لئے گیا

جمعرات 24 اگست 2017

حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے ملک شام میں ایک درویش کاذکر سناتو میں اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ اس کی زیارت کے لئے گیا۔ وہ درویش نہایت خوش حال تھا اور سواری کے لئے گھوڑا،رہنے کے لئے بہترین مکان،باغ اور نوکر چاکر سب کچھ اللہ عزوجل نے اسے دے رکھا تھا۔
جب اس درویش کو ہماری آمد کے متعلق علم ہوا تو اس نے نہایت گرم جوشی سے ہمارا استقبال کیا۔

ہر شخص کے ہاتھ چومے اور بہت عزت سے بہترین نشست پر بٹھایا۔ اس نے ہمارے ساتھ نہایت مروت سے گفتگو کی مگر کھانے کی جانب توجہ نہ دی حالانکہ کوئی بھی شخص کھائے پئے بغیر آسودہ و مطمئن نہیں رہ سکتا ۔
رات کافی گزر گئی اور وہ ہمارے ساتھ محوگفتگو رہا اور پھر عبادت کے لئے خلوت میں چلا گیا۔ بھوک اور پیاس کی تکلیف سے ہم ساری رات بے قرار رہے اور یہ خیال کیا کہ شاید علی الصبح ہمارے لئے کوئی دستر خوان بچھایا جائے لیکن ایسا کچھ نہ ہوا۔

(جاری ہے)

صبح کے وقت وہ ہمارے پاس آیا اور ہمارے ہاتھ چومنے کے بعد نہایت میٹھے لہجے میں ہمارے ساتھ ایک مرتبہ پھر گفتگو شروع کردی۔
میرے ساتھیوں میں ایک بے باک بھی تھا اس نے جب اندازہ کیا کہ یہ شخص رات کی طرح ہمیں دن کے وقت بھی بھوکا رکھنا چاہتا ہے تو اس نے اس درویش سے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ درویش کے لئے توشہ بو سے سے بہتر ہوتا ہے۔ آپ ہمارے جوتے نہ اٹھائیں بلکہ کھانے کے لئے کچھ لائیں۔
جوانمرد سخاوت کے باعث جیت گئے نہ کہ رات بھر جاگ کر عبادت کرنے والے۔
مقصود بیان:
حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ اس حکایت میں بیان کرتے ہیں کہ قولی عبادت کی بجائے عملی عبادت بارگاہِ الہٰی میں زیادہ مقبول ہے۔ خاصانِ خدا کا یہ خاصا ہے کہ جب ان کے پاس کوئی مہمان آتا ہے تو وہ اس کی خاطر مدارت کرتے ہیں نہ کہ انہیں گفتگو میں الجھا کر ان کی دلی کیفیت کو نظر انداز کردیتے ہیں۔

Browse More Urdu Literature Articles