Khwahish Nafsani Syy Dostti Na Karu - Article No. 1580

Khwahish Nafsani Syy Dostti Na Karu

خواہش نفسانی سے دوستی نہ کرو - تحریر نمبر 1580

اگر تم سیدھے راستہ پر چلنا چاہتے ہو تو پھر اپنے نفس اور نفسانی خواہشات کے الٹ کرو اور پیر کامل کی صحبت کے بغیر تمہارے لئے ممکن نہیں

جمعہ 10 نومبر 2017

حکایاتِ رومی:
اگرچہ تیرا جسم نازک اور لاغر ہے لیکن پھر بھی تمہارے بغیر دنیا کا کام نہیں نکلتا ۔ آغاز کا تیرے ہاتھ میں اور تیری منشاء کے مطابق ہے۔ کامل پیر چونکہ احوال سے واقف ہے اس لئے اس کا دامن تھام لو تاکہ حقیقی منزل کو پاسکو۔ میں نے ایک جواں بخت کو پیر کہا ہے کیونکہ وہ اللہ عزوجل کی جانب سے پیر ہے نہ کہ عمرکی وجہ سے۔
وہ ایسا پیر ہے جس کی ابتداء نہیں جیسا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایامیں اس وقت بھی تمہارا نبی تھا جب آدم علیہ السلام کا پتلا بنا تھا۔ پیری درحقیقت پیغمبری کا پرتو ہوتی ہے اور پیر کا بڑھاپا اس کی کمزوری کی دلیل نہیں ہوتا۔ پرانی شراب زیادہ قوی ہوتی ہے۔ پیر کامل توسل اختیار کرو کیونکہ یہ راہ پیر کے بغیر آفت اور پر خطر ہے۔

(جاری ہے)

تو راستہ تو بار ہاچل چکا ہے اس کے لئے بھی کسی رہنما کی ضرورت ہوتی ہے اور جس راستے کو تونے دیکھا ہی نہیں خبردار اس پر تنہا ہرگز نہ چلنا۔

جو شخص بغیر پیر کے راستہ چلا وہ شیطان کی وجہ سے گمراہ ہوا اگر چہ پیر نہ ہوتو شیطانی وساوس تجھے چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ شیطان تجھے گمراہ کرکے پریشانی میں مبتلا کردے گا۔ تجھ سے زیادہ ہوشیار اور چالاک اس راستہ میں گمراہ ہوگئے۔ ان کی گمراہی قرآن مجید سے سنو کہ شیطان لوگوں کو سیدھی راہ سے بھٹکا کر لاکھوں سال کی مسافت پرلے گیا۔ ان ہلاک شدگان سے عبرت حاصل کرو اور ان کے راستہ پر ہرگز نہ چلو۔
اپنے گدھے کی گردن پکڑ لو اور اسے راستہ کی جانب کھینچ لو اور راستہ جاننے والوں کی جانب آؤ۔ خبردار اس گدھے کو نہ چھوڑو کیونکہ یہ سبزے کاعاشق ہے اگر تو نے اسے تھوڑی سی بھی ڈھیل دی تو یہ فوراََ سبزے کی جانب بھاگے گا۔ سبزے کا عاشق گدھا راستے کادشمن ہوتا ہے۔ اگر تمہیں راستہ کوئی واقف نہیں تو جو یہ گدھا چاہے اس کے خلاف کرو کہ وہی سیدھا راستہ ہے ۔
عورتوں سے مشورہ کرو لیکن اس مشورہ کے الٹ کرو ورنہ ہلاک ہوجاؤ گے۔ نفسانی خواہشات او ر آرزؤں سے دوستی ہرگز نہ کرو کیونکہ یہ تجھے اللہ عزوجل کی راہ سے گمراہ کرنے والی ہیں۔ پیرکامل کی صحبت کے بغیر تم نفسانی خواہشات کو پامال ہرگز نہیں کرسکتے۔
مقصود بیان: مولانا محمد جلال الدین رومی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ نفسانی خواہشات انسان کو گمراہی کی جانب لے جاتی ہے اور نفس کو ہلاکت میں مبتلا کردیتا ہے۔
اگر تم سیدھے راستہ پر چلنا چاہتے ہو تو پھر اپنے نفس اور نفسانی خواہشات کے الٹ کرو اور پیر کامل کی صحبت کے بغیر تمہارے لئے ممکن نہیں کہ تم نفس اور نفسانی خواہشات کے الٹ کرسکو۔ پس تم پیر کامل کی صحبت اختیار کرو تاکہ راہِ حق کا پاسکو اور اس پر ثابت قدمی سے چل سکو۔

Browse More Urdu Literature Articles