Sabz Bagh Dikhana - Article No. 1596

Sabz Bagh Dikhana

سبز باغ دکھانا - تحریر نمبر 1596

ذیشان کا شف کا اچھا دوست تھا اور کاشف ذیشان کی بات بھی مانتا تھا۔ لہذا جب ذیشان نے اسے ٹیکسیاں خرید نے کا مشورہ دیا تو اس نے ایسا کرنے کی حامی بھر لی اور پھر جلد ہی تین پرانی ٹیکسیاں خرید لیں

پیر 20 نومبر 2017

اطہر اقبال:
ارے میاں میں کہتا ہوں کہ تم چارٹیکسیاں خرید لو اور انہیں کرائے پر چلانے کے لئے کسی کودے دو‘ بھئی خوب کماؤ گے۔ ذیشان نے اپنے دوست کاشف کو رائے دیتے ہوئے کہا۔ کاشف ابھی کچھ دن پہلے ہی اپنی سرکاری نوکری سے ریٹائر ہوا تھا اس کو جو رقم ملی تھی وہ اسے کسی ایسی جگہ لگانا چاہتا تھا کہ جہاں سے اسے اچھا خاصا منافع ہوتا رہے۔
ذیشان کا شف کا اچھا دوست تھا اور کاشف ذیشان کی بات بھی مانتا تھا۔ لہذا جب ذیشان نے اسے ٹیکسیاں خرید نے کا مشورہ دیا تو اس نے ایسا کرنے کی حامی بھر لی اور پھر جلد ہی تین پرانی ٹیکسیاں خرید لیں۔ کاشف نے ٹیکسیاں خریدکر کچھ لوگوں کو کرائے پر دیں جو اسے روزانہ کے حساب سے پیسے دے جاتے ۔ کچھ دن تک تو معاملہ صحیح چلتا رہا اور کاشف کو بھی اطمینان تھا مگر پھر ٹیکسی چلانے والوں نے کاشف کو طرح طرح سے تنگ کرنا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

کبھی کہتے کہ ٹیکسی میں کام بہت نکل آیا ہے صحیح کراکر دو تو کبھی کہتے کہ آج کل حالات ٹھیک نہیں اس لئے سواریاں بھی کم مل رہی ہیں۔ کاشف اب اس صورتحال سے کافی پریشان تھا۔ اس کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ایک دن اس کی بیوی نے اس سے پوچھ ہی لیا۔ ” میں دیکھ رہی ہوں آپ کچھ دنوں سے پریشان ہیں۔ آخر بات کیا ہے؟ٹیکسیاں خرید کر پریشانی مول لے لی ہے کبھی ڈرائیور کہتے ہیں کہ ٹیکسی میں کافی کام ہے ٹھیک کرا کردو کبھی کہتے ہیں کہ حالات ٹھیک نہیں سواریاں نہیں ملتیں ، میں تو واقعی اب بہت پریشان ہوگیا ہوں“ کاشف نے سر پکڑتے ہوئے کہا۔
”آپ کو کہا کس نے تھا کہ ٹیکسیاں خرید کر پریشانی مول لیں۔؟ ذیشان نے کہا تھا اور ․․․․․․ اجی چھوڑیں آپ کے دوست بھی بس ایسے ہی ہیں۔ “ نہیں تم یقین کرو ذیشان نے کہا تھا کہ ٹیکسیاں خرید لو خوب منافع ہوگا۔ اب ہوگیا منافع ، الٹی رقم جیب سے لگارہے ہیں۔ اگر یہی رقم بینک میں رکھواتے تو رقم بھی محفوظ رہتی اور ہر مہینے منافع بھی ملتا۔ لیکن آپ کے دوست نے آپ کو خوب ”سبز باغ دکھائے“ اور آپ بھی اس کے چکر میں آگئے، کاشف کی بیوی نے اس سے کہا اور کاشف چپ چاپ اپنا سر کھجاتا رہا۔

Browse More Urdu Literature Articles