ْصدر سرحد چیمبر آف کامرس کی پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل معین مارسیال سے ملاقات ، پاکستان و افغانستان کے مابین باہمی تجارت و افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میںحائل رکاوٹوں کودونوں جانب سے حکومتی سطح پراٹھانے کا اتفاق

بدھ 22 نومبر 2017 20:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری اور پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل معین مارسیال کے درمیان پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میںحائل رکاوٹوں کودونوں جانب کی حکومتی سطح پراٹھانے ،ْمشکلات کی نشاندہی کرنے اور ان کے حل کیلئے مشترکہ طور پرکوششیں کرنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری نے افغان حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستانی تاجروں اور ایکسپورٹرز کی مشکلات کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے ، اس مقصد کیلئے سرحد چیمبر افغان قونصلیٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے گذشتہ روز پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل معین مارسیال سے افغان قونصلیٹ پشاور میں ملاقات کی اس موقع پر افغان قونصلیٹ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ، سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے افغان قونصل جنرل کو بتایا کہ دونوں جانب کی حکومتوں کے مابین بعض مسائل کی وجہ سے باہمی تجارت ،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے ،سرحد چیمبر نے حکومت پاکستان کی جانب سے 731 آئٹمز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کا معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا ہے، اس سلسلے میں وزارت تجارت اور ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کیاگیا ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے معاہدہ کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان کی بزنس کمیونٹی متاثر ہو رہی ہے ، اس حوالے سے بھی انہوں نے حکومت پاکستان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

زاہداللہ شنواری نے افغان قونصل جنرل سے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارت دونوں برادر اسلامی ممالک کے مفاد میں ہے اور تیزی سے کم ہوتا ہوا تجارتی حجم دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی و معیشت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرحد چیمبر اپنے طور پر حکومت پاکستان کے سامنے مسائل اور مشکلات کی نشاندہی کر رہا ہے ،ان مسائل کے حل کیلئے اپنی سفارشات بھی حکومت کے سامنے پیش کر رہا ہے ۔

لہٰذا افغان قونصلیٹ بھی مسائل کی نشاندہی اور حل کے لئے افغان حکومت کے ساتھ معاملات اٹھائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے ۔زاہداللہ شنواری نے انہیں بتایا کہ سرحد چیمبر کا اعلیٰ سطحی وفد بہت جلدافغان سفیر سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا جس میں انہیں دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا ۔

افغان قونصل جنرل معین مارسیال نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی سفارشات اور تحفظات سے اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ باہمی تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے خدشات افغان حکومت تک پہنچائیں گے اور ان کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے افغان ایکسپورٹرز کو درپیش بعض مسائل کا ذکربھی کیا اور سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری سے درخواست کی کہ وہ ان کے حل کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

Browse Latest Business News in Urdu