بینک الفلاح نے بہترین کریڈٹ کارڈ آفرنگ کٹیگری کا ایوارڈ حاصل کر لیا

پیر 20 مارچ 2017 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان کے ممتاز بینکاری ادارے بینک الفلاح نے سنگاپور میں ہونے والے انٹرنیشنل فنانس میگزین کے آئی ایف ایم ایوارڈز میں ’’بہترین کریڈٹ کارڈ آفرنگ ‘‘کٹیگری کا ایوارڈ حاصل کرلیا ہے۔ یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انٹرنیشنل فنانس میگزین ایوارڈز معتبر بینکوں اور مالیاتی اداروں کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

بینک الفلاح پاکستان کا واحد بینک ہے جس نے آئی ایف ایم ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ یہ ایوارڈ بینک الفلاح کی کریڈٹ کارڈ سروسز کے تفصیلی جائزے کے بعد پیش کیا گیا۔ بینک الفلاح کو ملنے والا یہ ایوارڈ بینک کی شاندار خدمات، مثالی نئی اختراعات، لائلٹی پروگرام، کسٹمر سروس اور جاری کردہ کریڈٹ کارڈز کی تعداد کے لحاظ سے برتری کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

بینک الفلاح پاکستان میں کریڈٹ کارڈ جاری اور قبول کرنے والا سب سے بڑا بینک ہے۔

بینک کو انڈسٹری کا پہلا ’’فری فار ایور‘‘ کریڈٹ کارڈ جاری کرنے اور پرجوش و مفید شراکت داریاں قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ بینک اپنے کسٹمرز کی بڑھتی ہوئی ضرورتوں اور لین دین کے طریقوں کو پورا کرنے کے لیے کارڈ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فوائد اور سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس بارے میں اپنے اظہار خیال کرتے ہوئے بینک الفلاح کے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ ’’بینک الفلاح پاکستان کے سرفہرست کنزیومر بینکوں میں سے ایک ہے اور اپنے صارفین کو بہترین سہولیات مہیا کررہا ہے۔

بینک کے لیے ایوارڈ کا حصول قابل فخر ہے اور میں سخت محنت کے ذریعے بینک کے لیے اس اعزاز کو یقینی بنانے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ یہ ایوارڈاپنے کسٹمرز کو اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی اور نت نئی اختراعات پیش کرنے کے ہمارے عزم کو مزید تقویت دینے کا باعث بنا ہے۔

Browse Latest Business News in Urdu